پشاور:قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں دھماکہ، 30 افراد شہید

پشاور: ملک دشمن عناصر نے مذموم کارروائی کرتے ہوئے پشاور کے معروف قصہ خوانی بازار کو خون میں نہلادیا ہے۔پشاور کے مشہور و معروف قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں دھماکا ہوا ہے، دھماکے میں بچوں سمیت 30 افراد شہید ہوگئے ہیں۔ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال نے بتایا کہ دھماکے میں 30 افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ 50 سے زائد زخمی ہیں، جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے، بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ، جس کے باعث خدشہ ہے کہ شہادتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ایس پی سٹی نے افسوسناک واقعے سے متعلق بتایا کہ دھماکا جامع مسجد کوچہ رسالدار میں اسوقت ہوا جب نمازی جمعے کی نماز کی ادائیگی میں مصروف تھے، دھماکے کے بعد مسجد میں افراتفری پھیل گئی اور ہر کوئی اپنے پیاروں کی تلاش میں مارا مارا پھرتا رہا۔