خیبرپختونخوا حکومت نے آرٹ و ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں، بیرسٹر محمد علی سیف

پشاور:سیٹھیاں دی حویلی پشاور میں رنگ برسے کے عنوان سے دو روزہ آرٹ نمائش کا انعقاد کیا گیا جہاں خیبرپختونخوا کے آرٹ و ثقافت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے آرٹسٹوں نے اپنے فن پارے نمائش کے لیے پیش کیے۔آرٹ نمائش کے اختتامی روز پر وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے رنگ برسے آرٹ نمائش کا دورہ کیا اس موقع پر آرٹ نمائش منتظمین کی جانب سے معاون خصوصی برائے اطلاعات کو مختلف فن پاروں پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر سیف نے میڈیا کو بریف کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے آرٹ و ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ہیرٹیج ٹریل، احیاء پشاور، گورگھٹری و دیگر تاریخی و ثقافتی مقامات کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے صوبائی حکومت نے خاطر خواہ فنڈز مختص کیے ہیں۔ انہوں نے کہا صوبائی حکومت دہشت گردی کی طویل جنگ سے نکل کر امن یقینی بنا چکی ہے۔خیبرپختونخوا کے عوام نے چیلنجز کو مثبت مواقع میں تبدیل کیا ہے۔خیبرپختونخوا میں خواتین کے لیے کاروبار و دیگر مواقعوں کی فراہمی پر بات کرتے ہوئے معاون اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ صوبائی حکومت نے خواتین کی ترقی کے لیے کئی اہم اقدامات اٹھائے ہیں جس کے نتیجے میں خیبرپختونخوا ہر لحاظ سے محفوظ ترین مقام ہے۔ اب ہر سیکٹر میں خواتین موجود ہیں جو ملکی ترقی میں اپنا کردار نبھا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی، پروانہ خانم تنظیم اور دیگر غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے آرٹ نمائش کا انعقاد قابل تعریف ہے۔ معاون خصوصی اطلاعات نے آرٹ نمائش میں مختلف تعلیمی اداروں کی طالبات اور دیگر خواتین کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں تواتر سے منعقد ہونی چاہییں تاکہ خواتین کے آرٹ ورک کو اجاگر کیا جا سکے۔ میڈیا پر زور دیتے ہوئے معاون وزیراعلیٰ بیرسٹر سیف نے کہا کہ میڈیا خیبرپختونخوا کے سافٹ امیج اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور ایسی سرگرمیوں کو اپنی سکرین کا زینت بھی بنائیں۔