ملک بھر کے علماء و مشائخ اور تمام مذاہب کے قائدین تلمبہ واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد:چیئرمین پاکستان علماء کونسل ووزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ملک بھر کے علماء و مشائخ اور تمام مذاہب کے قائدین تلمبہ واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ، تلمبہ واقعے کے مجرمین کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور وہ کیفر کردار تک پہنچیں گے ، خود ہی جج ، خود ہی مدعی ، خود منصف کا نظام نہیں چل سکتا، توہین رسالت اور توہین مذہب کے قانون کی موجودگی میں خود لوگوں کو قتل کرنے کے رحجان کے خاتمے کیلئے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، پیغام پاکستان امن کمیٹیاں یونین کونسل سے لے کر مرکز تک بنا رہے ہیں،پیغام پاکستان کمیٹیوں کا مقصد اس قسم کے معاملات کو فوری طور پر حل کرنا ہے ، تلمبہ واقعے میں قتل ہونے والا ذہنی معذور تھا، قاتلوں نے اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کیا ہے ، وزیر اعظم پاکستان خود تمام معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں ، یہ بات انہوں نے خانیوال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی .۔اس موقع پر امن کمیٹی کے ممبران ، علامہ قاری سیف اللہ عابد، مفتی عمر فاروق ، عبد الخالق مرالی ، مفتی رفیق احمد شاہ جمالی ، شیخ ذوالفقار رضوی ، سید سہیل عابدی ، قیصر عباس دادو آنہ ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، قاری محمد اکرم ،ڈپٹی کمشنر سلمان خان ،ڈی پی او سید ندیم عباس بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ تلمبہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے وزیر اعظم عمران خان نے واقعہ کے ذمہ داران کو سخت سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے-تلمبہ واقعہ میں ملوث 62 کے قریب لوگ گرفتار ہیں،300 افراد پر ایف آئی آر درج کی جا چکی ہے ،موجودہ حکومت 76 سال بعد فوجداری قوانین میں تبدیلیاں لا رہی ہے تاکہ اسپیڈی ٹرائل ہو اور اس طرح کے واقعات میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے ،وزیر اعظم اور وزیر اعلی ٰپنجاب خود صورتحال کو مانیٹر کررہے ہیں ، چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اس موقع پر مزید کہاکہ خود ہی جج اور منصف بننے کے رجحان کو مل کر ختم کرنا ہوگا-انہوں نے کہا کہ جس نے کوتاہی کی چاہے وہ کوئی بھی ہو اسے سزا دی جائے گی ، مشتاق ذہنی طور پر معذور تھا مشتعل ہجوم نے جو کچھ کیا وہ کسی طور قابل قبول نہیں،ہمارے دشمن کو ایسے واقعات تقویت دیتے ہیں۔میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مزید کہا کہ رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے سیالکوٹ واقعے پر بھی تمام مکاتب فکر نے ذمہ داروں کو سزا کے حوالے سے ایک موقف اپنایا۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ اس نوعیت کے کیسز کو فوری طور پر حل کیا جائے وزیراعظم ایک ایک لمحہ کی رپورٹ لے رہے ہیں، لوگوں کو مارنے اور جلانے والوں کو کسی طور معاف نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کا ساتھ چاہتے ہیں، تمام مذاہب کا اس پر اتفاق ہے کسی بھی شخص کو چاہے وہ گناہ گار بھی ہو،اسے قتل نہیں کیا جا سکتا۔رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو سمجھنے اور اسکی پیروی وقت کی ضرورت ہے ، مظلوم مشتاق کے معاملے پر بھی ہم سب کو ایک پیج پر ہونا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دین کی تشریح اپنی مرضی سے کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔پاکستان کا ایک قانون ہے جس نے کسی ایک جان کو قتل کیا اس نے پوری انسانیت کو قتل کیا ،ہم نے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا ہے۔قبل ازیں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کے ہمراہ ممبران امن کمیٹی سے بھی میٹنگ کی- انہوں نے کہا کہ علماء اپنے علاقوں میں جاکر لوگوں کو بھائی چارے کا درس دیں اور واقعہ کی مذمت کریں۔