کورونا وائرس کی عالمگیر وبا نے دنیا کی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے لیے جمہوریہ کوریا کی امیدوار کانگ کیونگ وا نے جمعہ کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بہترین سفارت کار، سابق وزیر خارجہ اور سیاستدان ہونے کے ناطے آپ کا تجربہ متاثر کن اور ایشیا پیسیفک ریجن سے تعلق رکھنے والی تجربہ کار خاتون امیدوار کے طور پر، آپ آئی ایل اوں کی قیادت کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنیوا میں گزشتہ ماہ ہونے والی عوامی سماعت میں آپ کا نقطہ نظر اور ترجیحات کا اظہار قابل ستائش ہے ،کورونا وائرس کی عالمگیر وبانے دنیا کی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے جبکہ ملازمین ، کارکنان اور آجر اس وبائی مرض سے یکساں طور پر متاثر ہوئے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مناسب ترقیاتی فنانسنگ اور ویکسین ایکویٹی، معاشی بحالی کیلئے معاون ثابت ہوگی۔پاکستان، آئی ایل او گورننگ باڈی کے رکن کے طور پر، ان اہم عالمی ترجیحات کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا، ہم اگلے ڈائریکٹر جنرل آئی ایل او سے ترقیاتی فنانسنگ، قرض سے نجات، ویکسین ایکویٹی اور منصفانہ عالمی مالیاتی ڈھانچے کے قیام، سماجی اور اقتصادی عدم مساوات کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے لیے جمہوریہ کوریا کی امیدوار کانگ کیونگ وا نے توصیفی جملوں پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔