سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، خطرناک دہشتگرد صدام ہلاک

روالپنڈی:پاک فوج کا دہشت گردوں اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران خطرناک دہشتگرد صدام کو ہلاک کردیا، ہلاک دہشتگرد دیسی ساختہ بم کی تنصیب کا ماہر تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کیا، سکیورٹی فورسز نے آپریشن اسپین وام کے علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد صدام مارا گیا، ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا ہے، ہلاک دہشتگرد دیسی ساختہ بم کی تنصیب اور بارودی سرنگیں بنانے کا ماہر تھا۔ ہلاک دہشتگرد اغواء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ کی کاروائیوں میں ملوث تھا۔