وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پردہشتگردوں کے حملے، 5جوان شہید

پشاور:جنوبی اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملوں پانچ سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔جنوبی وزیرستان میں گزشتہ شب علاقہ خیسورہ فقیر کلے میں ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں تین اہلکار شہیدجبکہ تین زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے گزشتہ شب تحصیل تیارزہ میں چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کی مدد سے ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں نائیک علی زار بیٹنی، لانس نائیک عاصم اور سپاہی بابر مہمند موقع پر شہید جبکہ سپاہی حضرت حسین، سپاہی سردار شاہ کنڈی اور سپاہی عمران زخمی ہوئے ہیں۔دوسری جانب شمالی وزیرستان میں افغانستان سے دہشت گردوں کی پاک فوج کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوگئے۔دہشت گردوں کی جانب سے بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے افغانستان سے شمالی وزیرستان کے ضلع دواتوئی میں پاکستان کی فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی گئی، جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا تاہم اس دوران ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی جوان شہید ہوگئے ، جن میں 43 سالہ حوالدار سلیم اور 35 سالہ لانس نائک پرویز شامل ہیں۔