پاکستان اور چین کے دوستانہ تعلقات 70 سال سے زیادہ عرصہ پر محیط ہیں، وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے دوستانہ تعلقات 70 سال سے زیادہ عرصہ پر محیط ہیں اور ان دیرینہ تعلقات کو کوئی بھی چیز تبدیل نہیں کرسکتی۔ چین کے سرکاری میڈیا ٹی وی (سی جی ٹی این) سے ایک خصوصی انٹرویو میں وزیر اعظم نے دونوں ملکوں کے مابین گہرے تعلقات کا تفصیلی ذکر کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جو کچھ بھی ہوگا، چاہے ہم پر جو بھی دبائو ڈالا جائے پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں ایک عجیب اور زبردست طاقت کا مقابلہ ہوا جس کو ہر کوئی جانتا ہے، امریکہ نے ایک علاقائی اتحاد تشکیل دیا جسے”کواڈ“ نام دیا گیا جس میں بھارت اور چند دیگر ممالک شامل ہیں، لہذا اس نقطہ نظر سے پاکستان یہ خیال کرتا ہے کہ یہ امریکہ اور دیگر مغربی طاقتوں کی نا انصافی ہے کہ پاکستان جیسے ممالک کسی کی طرفداری کریں۔وزیر اعظم نے واضح کیا کہ اگر پاکستان پر دبائوڈالا جاتا ہے کہ وہ اپنے تعلقات میں تبدیلی لائے یا چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو”ڈائون گریڈ“ کرے تو ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین تعلقات بہت گہرے ہیں اور یہ تعلقات نہ صرف حکومتوں بلکہ دونوں ملکوں کو عوام کے درمیان قائم ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان جب کبھی سیاسی یا بین الاقوامی سطح پر مشکل کا شکار ہوا یا اسے اپنے ہمسایہ ملک سے تنازعات کا سامنا کرنا پڑا تو اس وقت چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے عوام پاکستانی عوام کے دلوں میں خاص مقام رکھتے ہیں، آپ کو ایسے دوست یاد ہیں جو ہر وقت آپ کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اچھے وقتوں میں ہر ایک آپ کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے لیکن آپ کو وہ لوگ یاد رہتے ہیں جو مشکل، سخت اور برے وقت میں آپ کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو چین کے عوام کے ساتھ ایک خاص لگائو ہے۔ ایک اور سوال کے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک ساتھ کھڑے ہیں اور دونوں ممالک کے مابین سیاسی اور بین الاقوامی سطح پر تعلقات مضبوط ہوئے ہیں ۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک ایک بڑا منصوبہ ہے جس پر کام ہورہا ہے اور پاکستان کا اقتصادی مستقبل اس سے وابستہ ہے۔