افغانستان سے انخلا پر پاکستان کو اعتمادمیں نہ لیناتباہ کن ثابت ہوگا، امریکی سینیٹر

واشنگٹن : افغانستان سے انخلا میں پاکستان کو نظر انداز کرنا تباہی ہے، اگر پاکستان سے رابطہ نہ کیا گیا تو یہ عراق سے بھی بڑی غلطی ہو گی، امریکی سینیٹر لنزے گراہم کا افغانستان کے معاملے میں امریکی صدر کے وزیراعظم عمران خان سے رابطہ نہ کرنے پر حیرانگی کا اظہار- تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیے گئے اپنے ٹویٹ میں امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے کہا ہے کہ ہم پاکستانی قیادت سے رابطہ کیے بغیر افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے موثر ہونے کے بارے میں کیسے سوچ سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ افغانستان سے امریکی فوج نے انخلا میں پاکستان کو نظر انداز کرنا بہت بڑی تباہی ہے،یہ عراق سے بھی بڑی غلطی ہو گی-

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یہ جان کر حیرانگی ہوئی کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ابھی تک وزیراعظم پاکستان عمران خان سے رابطہ نہیں کیا- پاکستان کے تعاون کے بغیر امریکا کا افغانستان سے انخلا غیر موثر ثابت ہو گا-
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی ٹی وی کو دئے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کو کسی بھی صورت اپنے ہوائی اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسا ممکن ہی نہیں کہ پاکستان سی آئی اے یا امریکہ کی اسپیشل فورسز کو پاکستان کی سرزمین سے افغانستان میں کسی بھی قسم کی کارروائی کی اجازت دے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو افغانستان میں فضائی آپریشن کے لیے ائربیس نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال ہونے نہیں دیں گے۔