شہدائے پولیس ہمارے ہیرو ہیں

مردان:ضلعی پولیس کی جانب سے 4اگست یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے شہدائے پولیس کوخراج عقیدت پیش کرنے کی خاطر ضلعی پولیس سربراہ سجاد خان کی قیاد ت میں واک کا اہتمام کیا گیا، جس میں شہداء کے ورثاء، ضلعی انتظامیہ،وکلاء،ڈاکٹرز،اساتذہ کرام،ڈی آر سی خواتین ممبرز،سکاوٹ،معززین علاقہ اورصحافی برادی کے علاوہ پولیس افسران نے شرکت کی۔واک کا آغاز تھانہ سٹی سے تلاوت کلام پاک اور دعاوں کے ساتھ شروع کیا گیا،واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینر اٹھایا ہوا تھا جس پر شہدائے پولیس کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے کلمات درج تھے۔واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او سجاد خان نے کہا کہ شہدائے پولیس ہمارے ہیرو ہیں اور ان ہی کی قربانیوں کی بدولت آج ہمارے معاشرے میں امن و امان کی فضا قائم ہے۔ڈی پی او نے مزید کہا کہ شہدائے پولیس کے ورثاء کی فلاح و بہبود کیلئے ضلعی پولیس نے عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے پولیس لائن میں مفت ہسپتال اور دستکاری سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ شہداء کے بچوں کو مفت بہتر تعلیم فراہم کرنے کیلئے مردان کے اچھے تعلمی اداروں میں داخلے بھی دلوائے گئے ہیں اور ان کو مزید سہولیات مہیا کرنے میں مصروف عمل ہیں۔اس موقع پر واک میں شریک دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے پولیس شہداء کی قربانیوں کو اچھے الفاظ میں سراہا اور ان کی اس بے لوث حب الوطنی اور اپنی جانوں کے نظرانے پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا۔واک کے اختتام پر شہدائے پولیس کی ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئی۔