بڑا فنکار وہی ہے جو ہر مشکل کردار ادا کر سکے،فردوس جمال

سینئر اداکار فردوس جمال نے فیصل قریشی کے پروگرام میں کہا تھا کہ ماہرہ خان کو ہیروئین نہیں بلکہ ماں کے کردار کرنے چاہئیں جس کے بعد ان کے خلاف سوشل میڈیا پر بھرپور مہم چلائی گئی اور میڈیا انڈسٹری سے وابستہ زیادہ تر افراد نے ان پر زبردست تنقید کی لیکن ملک کی معروف پروڈیوسر مومنہ درید نے اعلان کیا ہے کہ فردوس جمال کو آئندہ ایم ڈی پروڈکشن کے کسی پراجیکٹ میں کاسٹ نہیں کیا جائے گا۔ مومنہ درید نے اس مناسبت سے انسٹاگرام پر ایک تفصیلی نوٹ بھی تحریر کیا ہے۔ مومنہ درید کے ادارے’ایم ڈی پروڈکشن‘ کا شمار ملک کے بڑے پروڈکشن ہاوسز میں ہوتا ہے جو بے شمار سپر ہٹ سیریلز اور فلمیں پروڈیوس کرچکا ہے۔
فردوس جمال 9 جون، 1954ء کولاہور، پاکستان میں باز محمد خان کے گھر پیدا ہوئے۔ انہوں نے اسلامیہ کالج پشاور سے انٹر کا امتحان پاس کیا۔فردوس جمال 17سال کی عمر میں بطور اداکار منظر عام پر آئے اورسب سے پہلے پی ٹی وی پشاور سنٹر کی ایک ہندکو سیریل میں کام کیا۔ اس وقت سے لے کر آج تک ٹی وی سکرین پر چھائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایک طویل عرصہ تک ریڈیو پاکستان، پاکستان ٹیلی ویژن اور فلموں میں کام کیا۔ آج بھی وہ ڈائریکٹر، پروڈیوسر، اینکر، انائونسر اور اداکار کی حیثیت سے مختلف ٹی وی چینلز کے لیے کام کر رہے ہیں ۔ 1975ء میں انہوں نے پی ٹی وی فیسٹیول کے سلسلے میں اردو ڈرامے جو اماں ملی تو کہاں ملی میں کام کیا جس کے بعد انہوں نے واپس مڑ کر نہیں دیکھا۔ تھوڑے ہی عرصے بعد وہ لاہور منتقل ہوگئے جہاں محمد نثار حسین اور دیگر ڈرامہ پروڈیوسرز نے ان کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ ان کے معروف ڈرامہ سیریلز اور ڈرامہ سیریز میں ایک محبت سو افسانے، چڑیاں دا چنبہ، وارث، ہزاروں راستے ،وقت، ساحل اور دہلیز کے نام سرفہرست ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے متعدد انفرادی ڈراموں میں بھی اپنے فن کے انمٹ نقوش چھوڑے۔ خصوصاً ان کے ڈرامے برگِ آرزومیں انہوں نے ایک بوڑھے پٹھان کا کردار اس قدر خوبصورتی ادا کیا کہ خوداس وقت کے صدر مملکت جنرل ضیاء الحق نے ذاتی طور پر انہیں ایک تعریفی خط لکھا۔ فردوس جمال ٹی وی ایوارڈ کے لیے 8 مرتبہ نامزد ہوئے اور انہوں نے 4 مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا۔ حکومت پاکستان انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطاکیا ۔سینئر اداکار فردوس جمال نے اداکارہ ماہرہ خان کو ’ماں‘ کا کردار کرنے کا مشورہ دیا تھا ۔ اُن کے اس بیان نے شوبز انڈسٹری میں تہلکہ مچا دیا،شوبز سے وابستہ لوگوں کی جانب سے ماہرہ خان کی بھرپور حمایت کی گئی تو فردوس جمال کے اس بیان پر اُنہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔فردوس جمال نے اپنی زندگی کے 45سال خون پسینہ لگا کر اور بغیر کسی سوشل میڈیا کے محنت کر کے اس انڈسٹری میں نام بنایا ہے۔فردوس جمال اگر عورت مخالف ہوتے تو وہ اسی پروگرام میں دیگر اداکاراؤں بشمول ثانیہ سعید ، صبا قمر اور مہو ش حیات کو نہ سراہتے۔جس پروگرام میں فردوس جمال نے ماہرہ سے متعلق بات کی اُن کے بیٹے حمزہ فردوس بھی اُن کے ساتھ موجود تھے، فردوس جمال نے خود ماہرہ خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماہرہ خان ہماری انڈسٹری کا ایک بڑا نام ہیں اور وہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرتی ہیں ۔ فردوس جمال کا اپنے بیان پر کہنا تھا کہ ’میری گفتگو کا مقصد ماہرہ خان پر تنقید کرنا نہیں بلکہ میں نے فنی صلاحیتوں کے تناظر میں بات کی،کوئی بھی میری کی ہوئی بات دل پر نہ لے۔‘فردوس جمال نے مزیدکہا ہے کہ اگر میں 20سال کی عمر میں ضعیف کا کردار ادا کر سکتا ہوں تو اداکارہ ماہرہ خان یا دوسری اداکارائیں کیوں ماں کا کردار ادا نہیں کرسکتیں، فن میں ہر چیز کی قربانی دینی پڑتی ہے اور بڑا فنکار وہی ہے جو ہر مشکل کردار ادا کر سکے ۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فلم انڈسری میں اداکار سنجے دت کی والدہ اداکارہ نرگس نے بھرپور جوانی میں بڑھاپے کے کردار بھی انتہائی خوبصورتی سے نبھائے جس پر اُنہیں ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ میں نے دیکھا ہے کہ ہمارے ہاں اداکارائیں صرف ہیروئن کی چھاپ لگوانے کے لئے بوڑھی یا ماں کا کردار ادا نہیں کرتیں جو فن کے ساتھ زیادتی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ اصل فنکار وہی ہے جو کسی بھی طرح کے مشکل کردار کو اس طرح نبھائے کہ دیکھنے والوں اس کردار کو مدتوں بھلا نہ سکیں۔متعلقہ پروگرام کے میزبان فیصل قریشی کو فردوس جمال کے الفاظ کی مذمت نہ کرنے یاجواب میں کچھ بھی نہ کہنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس پر فیصل قریشی نے بھی اپنے ٹوئٹس میں موقف واضح کیاہے۔انہوں نے لکھا کہ براہ راست شو میں ایسی باتیں ہوجاتی ہیں اور میں میزبان ہونے کی وجہ سے اپنے ملک کی ثقافت اور مثبت تصویر دکھانے کی بھرپور کوشش کرتا ہوں ۔واضح رہے کہ 65 سالہ فردوس جمال کا شمار پاکستان کے منجھے ہوئے اداکاروں میں ہوتا ہے انہوں نے ’وارث‘، ’لنڈابازار‘ اور’پیارے افضل‘ جیسے ڈراموں اور سلسلہ، سایہ خدائے ذو الجلال جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔