اداکار فردوس جمال کو ایک کروڑ روپے کا امدادی چیک پیش

لاہور:وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران خان کے سارے جھوٹ ایک ایک کرکے قوم کے سامنے آرہے ہیں،عمران خان کو سوائے اپنی ذات کے کسی کی کوئی فکر نہیں،اداکار فردوس جمال کے علاج معالجہ کے اخراجات حکومت ادا کریگی،فردوس جمال کی صحت میں بہتری دیکھ کر خوشی ہوئی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے معروف اداکار فردوس جمال کی عیادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انہوں نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے اداکار فردوس جمال کو ایک کروڑ روپے کا امدادی چیک پیش کیا۔انجینئر امیر مقام نے کہاکہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر نامور فنکار فردوس جمال کی عیادت کیلئے ان کے گھرآیا ہوں،فردوس جمال کی فن کی دنیا میں خدمات لائق تحسین ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان پورے ملک کوتو کیا وہ اپنی ذات کے علاوہ اپنی پارٹی کو بھی اپنے ساتھ لیکر نہیں چلنا چاہتے ،وہ ملکی مسائل کے حل کیلئے تمام پارٹیوں کے ساتھ ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا ہونے کیلئے تیار نہیں،حالیہ ضمنی انتخابات میں بھی عمران خان کو امید وار کھڑا کرنے کیلئے اپنے سوا کوئی دوسرا نظر نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں شک ہے کہ عمران خان نے اپنے چارسالہ دور میں اپنے سیاسی مخالفین کو فراڈیا،چورکہا، ان پر جھوٹے مقدمات بنانے اور اپنے آپ کو سچا کہنے کے سوا کوئی کام نہیں کیا،عمران خان کو اپنے مخالفین پر الزامات لگانے کی بجائے ملکی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہئے تھی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان آئین و قانو ن کو نہیں مانتے ، بلکہ ہٹ دھرمی کے باعث ہمیشہ ملکی قوانین کی خلاف ورزی کو اپنا حق سمجھتے ہیں،عمران خان نے مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ پر جو بے بنیاد الزامات لگائے تھے وہ ایک ایک کر کے جھوٹے ثابت ہورہے ہیں،عمران خان پاکستان اور اس کے اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آ ئی ایم ایف سے پاکستان کو امداد نہ دینے کا کہاتاکہ ملک معاشی طور پر کمزور ہوجائے،عمران خان کو پاکستان سے کوئی محبت نہیں اور وہ اسے معاشی طور پر مضبوط نہیں دیکھنا چاہتے،اتحادی حکومت پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کیلئے اقتدار میں آئی ہے ،عمران خان کی پوری کوشش رہی ہے کہ ملک میں سری لنکا جیسے حالات پیداہوجائیں اور ملک ڈیفالٹ ہوجائے لیکن اللہ کے فضل سے پاکستان کبھی بھی ڈیفالٹ نہیں ہوگا اور موجودہ معاشی مشکلات جلد دور ہوجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین اور قانون عمران خان کی مرضی کے مطابق نہیں چلے گا،عمران خان کو پاکستان کی پھلتی پھولتی معیشت ہضم نہیں ہورہی ،اپنی سیاست کو بچانے کیلئے عمران خان نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو ناکام بنانے کی کوشش کی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان اسمبلیاں توڑتے ہیں تو ہم پنجاب اور کے پی کے میں انتخابات کیلئے تیار ہیں لیکن عمران خان ایسا نہیں کرسکتے، وہ عوام سے مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں،موجودہ اسمبلیاں پانچ سال کیلئے منتخب ہوئی ہیں جواپنی آئینی مدت پوری کرنے کے بعد ختم ہوں گی اور الیکشن وقت پر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ملکی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں،اتنی بدنامی تو انڈیا نے نہیں کی جتنی عمران خان کررہے ہیں،عمران خان کس مقصد کے تحت ایک ایجنڈے پر کام کرہے ہیں ،یہ سارا کچھ ایک ایک کرکے قوم کے سامنے آرہا ہے۔اس موقع پر نامور فنکار فردوس جمال نے کہا کہ اپنے گھر میں امیر مقام کی آمد اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی توجہ پر ان کا مشکور ہوں ، ملکی مسائل کے حل کیلئے اس وقت قومی اتحاد ویگانگت کی ضرورت ہے ،انہوں نے کہاکہ ترقی یافتہ قومیں دانشور طبقے کی بہبود کی وجہ سے ہی آگے بڑھتی ہیں ،فنکار کسی بھی معاشرے کا آئینہ اورانہیں حوصلہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فنکار طبقہ ہمیشہ حکام کی خصوصی توجہ کا مستحق اور منتظر ہوتا ہے ،پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا جس کا مقصد فلاحی ریاست کا قیام تھا۔انہوں نے کہا کہ پچاس سال سے فن کی دنیا میں خدمات سرانجام دے رہا ہوں ،تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوکر ملک کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے سوچنا چاہئے۔