قبائلی اضلاع میں کسی کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا، ڈاکٹرامجد علی

پشاور :خیبرپختونخوا کے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی سے ضلع کرم سے نومنتخب ممبرصوبائی اسمبلی اقبال میاں نے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اقبال میاں نے ضلع کرم میں معدنی وسائل سے بھرپور طریقے سے استفادہ کے لئے محکمہ معدنیات کی کوششوں کو سراہا صوبائی وزیر نے معدنی وسائل اور کان کنی پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے میں موجود معدنی وسائل سے حقیقی معنوں میں آمدن بڑھانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔ سرمایہ کاروں اور مقامی لوگوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اصلاحات متعارف کی جارہی ہیں۔ شکایات کے ازالے کے لئے میکنزم موجود ہے، اور جہاں کہیں بھی کوئی کمزوری نظر آتی ہے اس کے ازالے کے لئے محکمہ معدنیات کی ٹیم ہمہ وقت تیار ہے۔ ڈاکٹر امجد علی نے واضح کیا کہ ضم شدہ اضلاع میں کسی کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا، جبکہ وہاں کے مقامی لوگوں کو مزید آسانیا ں دے رہے ہیں۔سابقہ فاٹا سیکرٹریٹ کے ملازمین کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر معدنیات نے کہا کہ وہاں پر جتنے بھی معدنی وسائل سے جڑے ملازمین تھے ان کو مکمل طور پر محکمہ معدنیات میں ضم کردیا گیا ہے۔ جبکہ اس کے علاوہ دیگر محکمہ جات میں بھی صوبائی حکومت نے ملازمین کے مسائل تقریبا حل کر لئے ہیں۔ خاصہ دار اور لیویزاہلکاروں کی تنخواہ اور ملازمت کے بارے بھی صوبائی حکومت نے مخلصانہ اقدامات اٹھا کرمسئلہ حل کر دیا۔