وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز سے چین کے سفیر نونگ رونگ کی ملاقات

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز سے چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی جس میں میڈیا اور ثقافت کے شعبوں میں پاکستان اور چین کے مابین باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ وفاقی وزیر نے ثقافتی روابط کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلم کے شعبے میں تعاون کو توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ اس تناظر میں بات کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پاکستانی فلم “پرواز ہے جنون” کا اجرانومبر کو ہوا جسے چینی ناظرین اور فلم کے شعبے سے تعلق رکھنے والے پروفیشنلز نے سراہا ہے۔ “ہم فلموں کے شعبے میں تعاون کو مستحکم بنانا چاہتے ہیں کیونکہ یہ کسی بھی معاشرے کی بنیادی اقدا ر اور ثقافتی ورثہ کے فروغ کے لئے اہم ہوتی ہے “۔ وفاقی وزیر نے فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی چینی سفیر سے ملاقات کی خواہش سے آگاہ کیا تا کہ اس شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوسکے ۔وفاقی وزیرنے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ایک اہم منصوبہ ہے اس سے علاقائی رابطوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت منصوبوں بلخصوص زراعت کے حوالے سے منتظر ہیں ‘ ہم زراعت کے شعبے کو ترقی دینے ، فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کرنے کے حوالے سے چینی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ۔وفاقی وزیر نے جدید میڈیا تصورات میں میڈیا سے وابستہ افراد کی تربیت کی تجویز پیش کی ۔چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے مابین میڈیا تعلقات کو بڑھانے کے لئے ہر ممکن تعاون کریگا‘ چین کویڈ 19کم ہونے کے بعد پاکستانی میڈیا وفد کو چین کے مختلف شہروں کے دورے پر لانے کا ارادہ رکھتا ہے ۔ چینی سفیر نے دونوں ممالک کے میڈیا کے مابین قریبی ہم آہنگی پر بھی زور دیا تاکہ سی پیک منصوبوں کے بارے میں منفیت کو ختم کیا جاسکے۔وزیر اطلاعات نے اس موقع پر اپنے چینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی تاکہ وہ میڈیا اور اطلاعات کے شعبوں میں تعاون کو مزیدفروغ دینے کے مواقع تلاش کیے جاسکیں ۔دونوں فریقین نے جاری تعاون کو مستحکم کرنے کے لئے مستقل رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔اس اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات کے اعلی حکام شریک تھے