پردے پراچھی چیز دکھائی جائےتو اس سے معاشرے میں ایک مثبت سوچ جنم لیتی ہے،مایا علی

اسلام آباد :پاکستانی ا داکارہ مایا علی نے کہا ہے کہ فلم ’’پرے ہٹ لوّ‘‘ میں ان کا کردار جاندار ہے یہ ایک ایسی لڑکی کا کردار ہے جو خود مختار اور اپنے فیصلے خود کرتی ہے۔ اپنے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ’’طیفا ان ٹربل ‘‘ کی آنیہ اور ’’پرے ہٹ لوّ‘‘ کی ثانیہ میں انگریزی کے حرف ’’ایس‘‘ کے علاوہ بھی بہت فرق ہے، یہ ایک ایسا کردار ہے جس سے بہت سی لڑکیاں متاثر ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ ٹی وی ڈراموں میں خواتین کے روایتی روتے دھوتے کردار کے بجائے فلموں میں لڑکی کو خودمختار اور مضبوط ارادے کی مالک دکھانے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا جب لوگوں کو ٹی وی یا فلم کے ذریعے اچھی چیز دکھائی جائے گی تو اس سے پورے ملک میں تبدیلی آنے کی امید ہے اور اس سے معاشرے میں ایک مثبت سوچ جنم لیتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ کبھی بھی اس بات کی پرواہ نہیں کرتیں کہ سکرین پر انہیں کتنا وقت ملا۔ فلم میں ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنے کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ بد قسمتی سے ان کا ماہرہ خان کے ساتھ کوئی سین نہیں۔