وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا یوم اقبالؒ کے حوالے سے پیغام

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال ؒایک بلند پائے کے فلسفی، دانشور اور شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ برصغیر کے مسلمانوں کے ایک عظیم لیڈر تھے جن کی شاعری اور فکر و فلسفہ امت مسلمہ خصوصی طور پر ہماری نوجوان نسل کے لئے مشعل راہ ہے۔ آپؒ نے نہ صرف زندگی کے مختلف موضوعات پر نہایت حکیمانہ رہنمائی کی ہے بلکہ پاکستان کا تصور پیش کرکے مسلمانوں کو ایک علیحدہ تشخص اور پہچان بھی دی،جس کی بنیاد پر اسلامی جمہوریہ پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔شاعرمشرق، مصور پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کے یوم ولادت کے حوالے سے یہاں سے جاری اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ کا کلام قوم میں حب الواطنی اور خدمت انسانیت کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔اقبالؒ نے رنگ و نسل کے امتیاز کی حوصلہ شکنی کرکے وحدت امت مسلمہ پر زور دیا ، اقبالؒ کی خواہش اور پیغام تھا کہ نیل سے لے کر کاشغر تک تمام مسلمان حرم کی پاسبانی اور غلبہ اسلام کی بحالی کیلئے ایک ہو جائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے آج پھر ہمیں اقبالؒ کی فکر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج تحریک پاکستان کے اس جذبے کی ضرورت ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کویکجا کرکے پاکستان کے قیام کے حصول کو ممکن بنایا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کے نظریات و افکار زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی لینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ آپ نے ہمیشہ حق گوئی ، خودی اور قومی تشخص کو اجاگر رکھنے کا درس دیا ہے۔ ہمارا مستقبل شعور کی بیداری، حق و سچ کی حمایت ، عادلانہ نظام اور بلاتفریق خدمت انسانیت سے وابستہ ہے۔