افغان مسئلہ کا مذاکرات کے ذریعے ایک سیاسی حل وقت کی ضرورت ہے، عمران خان

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں امن و استحکام کے حصول کے حوالے سے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان مسئلہ کا مذاکرات کے ذریعے ایک سیاسی حل وقت کی ضرورت ہے، افغانستان میں امن سے تعاون اور علاقائی رابطہ کاری کی نئی راہیں کھلیں گی جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو گا۔ وہ افغان ولسی جرگہ کے سپیکر میررحمان رحمانی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے میر رحمان رحمانی کے سپیکر ولسی جرگہ کی حیثیت سے پاکستان کے پہلے دورے پر ان کا خیر مقدم کیا اور اور دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان دوطرفہ تبادلوں کو سراہتے ہوئے افغانستان کے ساتھ تمام شعبوں میں برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کے مسئلہ کا کوئی فوجی حل نہیں بلکہ مذاکرات کے زریعے ایک سیاسی حل وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے افغانستان میں امن و استحکام کے حصول کے حوالے سے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن سے تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ رابطہ کاری بڑھے گی جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو گا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کے امکانات کو اجاگر کیا اور کہا کہ پاک افغان تجارت و سرمایہ کاری پر 26 تا 27 اکتوبر کو اسلام آباد میں سیمینار دوطرفہ اقتصادی ایجنڈا پر پیشرفت کے حوالے سے پاکستان کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے۔