پاکستان،مظلوم کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی امداد جاری رکھنے کے حوالے سے پر عزم ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے انتخابات میں پاکستان کی واضح کامیابی، بین الاقوامی برادری کی انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہماری کاوشوں پر اعتماد کا اظہار ہے،پاکستان، مظلوم کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی امداد جاری رکھنے کے حوالے سے پر عزم ہے۔یہ بات انہوں نے نیویارک میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ جنہوں نے وزارتِ خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے انتخابات میں پاکستان کی نمایاں کامیابی پر وزیر خارجہ کو مبارکباد دی ۔وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 75ویں اجلاس اور اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے انتخابات کے دوران، بہترین کوآرڈینیشن پر، پاکستانی مشن کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے انتخابات میں پاکستان کی واضح کامیابی، بین الاقوامی برادری کی جانب سے، انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہماری کاوشوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔بھارت بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کو پس پشت ڈالتے ہوئےلائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کے ذریعے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے،نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کو انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام متحدہ سمیت تمام موثر عالمی فورمز پر اٹھانا ہو گا۔ اقوام متحدہ نیویارک میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اقوام متحدہ میں اجاگر کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔