دنیا میں بھارت سب سے بڑا دہشت گرد ملک ہے، مراد سعید

اسلام آباد:وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ عالمی ادارے پاکستان کی معاشی کارکردگی کی تعریف کر رہے ہیں، ملک 70 سال بعد کرنٹ خسارہ سے نکل کر سرپلس میں آ گیا ہے، پاکستان دہشت گردی کی وجہ سے نہیں تجارت سے پہچانا جاتا ہے، مزار قائد پر جو ہوا بحیثیت پاکستانی اس پر دکھ ہے۔ میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 22 سالہ سیاسی جدوجہد کے بعد اقتدار میں آئے، جمہوریت میں نچلی سطح سے جدوجہد کرنا ہوتی ہے، پی ٹی آئی کی پہلے ایک صوبے میں حکومت تھی، اب مرکز سمیت تین صوبوں میں ہماری حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ایوان میں تحریری این آر او مانگا جو ہم نہیں دے سکتے، یہ لوگ منی لانڈرنگ، کرپشن اور بیرون ملک اپنے غیر قانونی اثاثوں کی پوچھ گچھ نہ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے بیانیہ سے پاکستان کو نقصان اور بھارت کو فائدہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ جس انداز سے لڑا اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک سال میں تین مرتبہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا گیا، کورونا بحران کے دوران وزیراعظم کی حکمت عملی سے وبا پر موثر طور پر قابو پایا گیا جبکہ بھارت ابھی تک اس میں پھنسا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتیں محفوظ نہیں اور دنیا میں بھارت سب سے بڑا دہشت گرد ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مودی، آر ایس ایس اور ہندوتوا کو مکمل طور پر بے نقاب کر دیا ہے اور دنیا میں بھارت کی پہچان دہشت گرد ملک کے طور پر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ کا شکر ہے کہ آج پاکستان میں امن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں سے ملک میں امن ہوا، دنیا کورونا کے تدارک کیلئے این سی او سی کے کردار کی تعریف کرتی ہے، سول و عسکری قیادت نے مل کر کورونا کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے۔