قبائلی اضلاع کے ایم پی ایزکیلئے اسمبلی ہال میں کرسیاں لگادی گئیں

پشاور: خیبرپختونخوااسمبلی میں نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے نومنتخب اراکین کی آمدکے سلسلے میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اورنئے ایم پی ایزکیلئے اسمبلی ہال میں کرسیاں لگادی گئیں ۔سپیکرصوبائی اسمبلی مشتاق احمدغنی کی ہدایات کی روشنی میں قبائیلی اضلاع میں 16صوبائی حلقوں پر 20جولائی کوہونیوالے انتخابات کے نتیجے میں کامیاب اراکین خیبرپختونخوااسمبلی کی آمدکے سلسلے میں اسمبلی سیکرٹریٹ نے تیاریاں شروع کردی ہیں 16جنرل،چارخواتین اور ایک اقلیتی نشست پر کامیاب امیدواروں کیلئے اسمبلی ہال میں نئی کرسیاں لگادی گئی ہیں‘ ہال میں پہلے سے ہی اضافی نشستوں کی گنجائش موجود تھی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کامیابی کانوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد نومنتخب اراکین اسمبلی اجلاس میں باقاعدہ شرکت کرسکیں گے اورامکان ہے کہ پانچ اگست کوخیبرپختونخوااسمبلی کے ہونیوالے اجلاس میں قبائلی اضلاع کے نئے ایم پی ایز اسمبلی رکنیت کاحلف اٹھائینگے۔واضح رہے کہ 25ویں آئینی ترمیم کے تحت قبائلی اضلاع میں صوبائی حلقوں پرانتخابات کے بعد خیبرپختونخوااسمبلی میں اراکین کی تعداد124سے بڑھ کر145ہوگئی ہے۔