ترک ڈرامہ ’ارطغرل غازی‘ آذر بائیجان کے سرکاری چینل پرنشر کرنے کا فیصلہ

باکو:معروف ترک ڈار مہ سیریز درلس ارطغرل آذر بائیجان کے سرکاری چینل پربھی نشر کیا جائے گا۔ترک خبر رساں ادارے کے مطابق آذر بائیجان کے سرکاری ٹیلی وژن اے زیڈ ٹی وی نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ ڈرامہ نشر کرنے کے حقوق حاصل کرلیے گئے ہیں۔ یہ ڈرامہ 2014 میں شروع ہونے کے بعد ہی آذر بائیجان میں مقبول ہونا شروع ہوگیا تھا۔آذری سرکاری چینل کے مطابق ڈرامے کی 150 اقساط کی ڈبنگ اور ایڈیٹنگ کے کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ سرکاری چینل پر یہ ڈرامہ ہفتے کے پانچ روز نشر کیا جائے گا۔واضح رہے اس سے قبل پاکستان میں ارطغرل غازی کو سرکاری ٹیلی وژن پر نشر کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور گزشتہ برس وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اس کے لیے باقاعدہ ہدایات جاری کیں جس کے بعد پاکستان ٹیلی وژن پر یہ ڈرامہ اردو ڈبنگ کے ساتھ نشر کیا جارہا ہے۔خلافت عثمانیہ کے قیام سے قبل کے ترک خطے اور اسلامی دنیا کے حالات پر بنائی گئی یہ ٹی وی سیریز مسلم دنیا اور بالخصوص پاکستان میں مقبولیت کے اگلے پچھلے ریکارڈ توڑ چکی ہے۔