‏خیبر پختونخوا اسمبلی نے ہر سال 4 ستمبر عالمی یوم حجاب منانے کی قرارداد منظور کر لی ،‏عوامی نیشنل پارٹی کی مخالفت

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی نے 4 ستمبر یوم حجاب کے طور پر منانے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی ۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کی صوبائی اسمبلی میں جماعت اسلامی کی خاتون رکن حمیرا خاتون نے ایک قرارداد پیش کی ، جس میں ان کی طرف سے مطالبہ کیا گیا کہ 4 ستمبر کو صوبے میں یوم حجاب کے طور پر منایا جائے ، اس قرارداد کو جب منظورکیا جانے لگا تو اس وقت عوامی نیشنل پارٹی نے اس کی مخالفت کی ۔بتایا گیا ہے کہ اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے اس حوالے سے کہا کہ اسلام کو سیاست کے لیے استعمال نہ کیا جائے ، ماضی میں بھی اسلام کے نام پر دہشت گردی ہوئی ، لوگوں میں برداشت ختم ہوئی طالبان نے لوگوں کو کوڑے مارے ، ایسی قرارداد کو پیش کیے جانے سے قبل اس پر اسمبلی میں بحث کی جانی چاہیے ۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی نگہت اورکزئی نے کہا کہ ہم چادر اور دوپٹے کی حمایت کرتے ہیں ۔وزیر قانون سلطان خان نے کہا کہ یوم حجاب منانے کی قرارداد کی حمایت کی جاتی ہے اور اگر کوئی یوم حجاب منانا چاہتا ہے تو اس میں کیا قباحت ہے ۔ بحث کے بعد قرارداد منظوری کے لیے پیش کی گئی جس کو اے این پی کی مخالفت کے باوجود خیبر پختونخواہ کی صوبائی اسمبلی کی طرف سے 4 ستمبر کو یوم حجاب کے طور پر منانے کی قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ۔