اداکارہ عائشہ ثناء کے خلاف ایک اور مقدمہ درج

گجرات: جعلی چیک دینے پر اداکارہ عائشہ ثناء کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 20 لاکھ کا جعلی چیک دینے پر گجرات کے تاجر نے مقدمہ درج کروایا ہے۔ پولیس نے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سرائے عالمگیر گجرات میں عائشہ ثناء کے خلاف مقدمہ تاجر علی معین کی جانب سے درج کرایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عائشہ ثناء کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا، اداکارہ کی گرفتاری کے لیے لاہور اور اسلام آباد میں کئی مقامات پر پولیس نے چھاپے مارے ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی لاہور کے تھانہ ڈیفنس میں اداکارہ کے خلاف مقدمہ درج ہو چکا ہے جبکہ گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری کر دیئے گئے تھے۔ عائشہ ثناء کیخلاف تھانہ ڈیفنس میں جعلی چیک کا مقدمہ درج تھا، اداکارہ تفتیش کیلئے پیش نہیں ہورہی تھیں۔پولیس حکام کے مطابق جعلی چیک کے مقدمے میں ٹی وی کی معروف اداکارہ عائشہ ثناء کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے تھے۔