ترک ڈرامہ’ارطغرل غازی’ کے پروڈیوسر پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند

اسلام آباد:ترک ڈرامہ جسے پاکستان میں ‘ارطغرل غازی’ کے نام سے نشر کیا جارہا ہے، مشرق وسطیٰ میں ہی نہیں بلکہ جنوبی ایشیا میں بھی لوگوں کے دلوں میں جگہ بنا چکا ہے.پاکستان میں یہ ڈرامہ اتنا زیادہ مقبول ہوچکا ہے کہ اب اس کے پروٖڈیوسر پاکستانی فنکاروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔ترک خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے ڈرامے کے پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر محمد بوزداغ نے کہا کہ مسلمانوں کو صرف سیاست اور تجارت میں ہی اکٹھے کام نہیں کرنا چاہیے بلکہ فن و ثقافت کے لیے بھی شراکت داری کرنا چاہیے، اور سرمایہ کاروں کو فنون لطیہ کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کرنا چاہہیے۔انہوں نے کہا ‘میں حیران ہوں کہ آج تک ہمارے درمیان کسی قسم کی شراکت داری نہیں ہوئی حالانکہ ہم ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست ہیں’۔ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ پراجیکٹس میں دونوں ممالک کے پروڈیوسرز اور اداکاروں اکٹھے ہونا چاہیے ‘جب ہم میں سے ایک مشکل میں ہوتا ہے تو دونوں ممالک میں اس کا اثر ہوتا ہے، مگر ہمیں اچھے دنوں میں بھی کام کرنا چاہیے اور سنیما کے ساتھ ساتھ پکوان، میوزیم اور تاریخ جیسے شعبوں کے لیے بھی اکٹھے کام کرنا چاہیے’۔انہوں نے مزید کہا ‘ہمیں اپنا تجربہ پاکستان سے شیئر کرنا چاہیے اور انہیں اپنے تجربات ہمارے ساتھ شیئر کرنے چاہیے، اکٹھے مل کر ہم دنیا ہلا دینے والے کام کرسکتے ہیں’۔محمد بوزداغ نے کہا کہ انہیں توقع تو تھی کہ یہ سیریز پاکستان میں توجہ حاصل کرے گی مگر یہ کبھی نہیں سوچا کہ اتنے کم وقت میں ایسا ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں اس ڈرامے کی مقبولیت پر بہت زیادہ خوش ہیں ‘اگرچہ ترکی اور پاکستان کی سرحدیں الگ ہیں، مگر ہماری روحیں ایک قوم ہیں’۔