پی ٹی وی “ار طغرل غازی” کی مدد سے عالمی ریکارڈ بنانے میں کامیاب

اسلام آباد:ترکی ریڈیو اور ٹیلی ویژن ٹی آر ٹی کی جانب سے تیار کردہ ڈرامہ سیریل ” ار طغرل غازی”ڈرامہ جسے پاکستان کے سرکاری ٹی وی پر پیش کیا جا رہا ہے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے نہ صرف پی ٹی وی کو اپنے پاوں پر کھڑا کردیا ہے بلکہ پی ٹی وی اور ٹی آر ٹی کے درمیان مستقبل میں مشترکہ پروڈکشن کی بھی راہ ہموار کردی ہے۔پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل کی انتظامیہ کے مطابق پہلے 16 گھنٹوں میں ڈرامے کی پہلی قسط کو دو لاکھ 34 ہزار افراد نے دیکھا جب کہ ‘پی ٹی وی ہوم’ کے ‘یو ٹیوب’ چینل پر دیکھنے والوں کی تعداد میں ایک ہی دن میں 40 ہزار کا اضافہ ہوا اور اس روز ٹوئٹر پر مسلسل پانچ گھنٹوں تک یہ ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا تھا۔ارطغرل غازی” کے یوٹیوب چینل پر صرف 15 روز میں 10 لاکھ سسکرائبرز ہو گئے جب کہ ڈرامے نے پاکستان میں تمام تر ریکارڈز توڑ دیے اور اس کی پہلی قسط کو یوٹیوب پر ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔ یوٹیوب پر 11 لاکھ سسکرائبرز کے علاوہ ارطغرل غازی ڈرامے نے ٹوئٹر پر ابھی بھی اپنی ٹرینڈنگ قائم کی ہوئی ہے جو اس ڈرامے کو ایک ایسے ریکارڈ کی جانب لے جا رہی ہے جسے شاید ہی توڑ نا ممکن ہوسکے گا۔پاکستان میں گزشتہ سات، آٹھ سالوں کے دوران ترکی کے ڈرامے اردو ترجمے اور ڈبنگ کے ساتھ پیش کیے جاتے رہے ہیں لیکن ” ار طغرل غازی ” نے جو شہرت حاصل کی ہے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔ترک ڈراموں کی بدولت پاکستانی شہریوں کے ترکی دیکھنے اور ترکی زبان سیکھنے کے رجحان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان میں ترکی زبان سکھانے والے ادارے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں ترک زبان سیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں طلبا نے رجوع کیا ہے۔ترکی کے سرکاری خبر رساں ادارے ” انادولو” کے مطابق ایک ٹریول ایجنسی کے اہلکار کا کہنا ہے کہ 2013 میں 34 ہزار پاکستانی سیاحوں نے ترکی کا دورہ کیا تھا جب کہ 2018 میں یہ تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 13 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔ جیسے ہی کورونا وائرس پر قابو پالیا جائے گا تو اس کے بعد نارمل حالات میں بڑی تیزی سے پاکستانی سیاحوں کی ترکی آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔ترک حکام کے مطابق ان ڈراموں میں دکھائے جانے والے مناظر اور ترکی کی خوبصورتی نے بہت سے پاکستانیوں کو متاثر کیا ہے۔ادھرترکی کے صوبے بیلے جیک کے علاقے سووت کی مقامی انتظامیہ کے مطابق پاکستان سے سیاح گزشتہ دو سالوں سے تواتر کے ساتھ اس قصبے کا رخ کر رہے ہیں۔