بھارتی اداکار رشی کپور67 برس کی عمر میں چل بسے

ممبئی: بھارت کے معروف اداکار، پروڈیوسر رشی کپور 67برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ کے لیجنڈ اداکاررشی کپور کو گزشتہ رات طبیعیت خراب ہونے کے باعث ممبئی کے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا ، رشی کپور کینسر کےعارضے میں مبتلا تھے اور ان کو سانس کی تکلیف کا سامنا تھا ۔ بھارتی اداکار طویل عرصے تک امریکہ کے ہسپتال میں زیرعلاج بھی رہے ۔ رشی کپور امریکا سے علاج کرانے کے بعد گزشتہ برس ستمبر میں بھارت واپس آئے تھے۔ بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے ٹوئیٹر پر رشی کپور کے انتقال کی خبر کی تصدیق کردی ۔اداکار رشی کپور نے 150 سے زائد بھارتی فلموں میں کام کیا تھا، اُن کی بہترین فلموں میں بوبی، چاندنی، امر اکبر انتھونی اور دیگر شامل ہیں۔