وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ملاقات

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور ریلوے ملازمین کی جانب سے ایک دن کی تنخواہ پانچ کروڑ ایک لاکھ 85 ہزار روپے کا چیک وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ کے لئے پیش کیا۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ ریلوے نے بتایا کہ پاکستان ریلویز کی جانب سے چمن کے لئے 30 کوچز پر مبنی ایک ٹرین بھجوا دی گئی ہے جس میں 500 افراد کے لئے آئسولیشن کا انتظام ہے، اسی طرح پاکستان ریلوے تفتان کے لئے بھی 500 افراد کے لئے ٹرین بھیجنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لئے میڈیکل کوچز کو خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے۔ وزیر ریلوے نے راولپنڈی شہر میں ہسپتالوں، تاجروں اور مزدوروں کی صورتحال سے بھی وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔