حکومت پاکستان نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج فراہم کیا ہے،قاسم خان سوری

کوئٹہ: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ اس وقت کورونا وائرس سے پوری انسانیت کو خطرات لاحق ہیں اس موذی مرض سے نبرد آزما ڈاکٹرز اور طبی اسٹاف کے ساتھ ساتھ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان صف اول میں جنگ لڑ رہے ہیں اس مشکل وقت میں بلوچستان پولیس کے شہداءکے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان پولیس کے شہداءکے خاندانوں میں امدادی رقوم اور راشن کی فراہمی کی ایک سادہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ بھی موجود تھے ڈپٹی اسپیکر بلوچستان قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ کورونا وائرس اس وقت پوری دنیا کے لیے ایک چیلنج بن چکا ہے اس سنگین صورتحال کا مقابلہ صبر و استقامت اور رہنماءطبی اصولوں پر عمل درآمد کرکے ہی کیا جاسکتا ہے حکومتی اقدامات عوام کی بہتری اور اس موذی وباءسے بچاو کے لیے ہیں لاک ڈاون کے ا س غیر معمولی حالات میں حکومت کو معاشرے کے غریب اور متوسط طبقات کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت پاکستان نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج فراہم کیا ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں پولیس کے شہداءکے خاندانوں کی معاونت احسن اقدام ہے جس سے ان کی دلجوئی ہوئی ہے ایڈیشنل آئی جی پولیس نے کہا کہ پولیس کے جوان اس غیر معمولی حالات میں پوری تندہی سے پیشہ ورانہ فرائض کی بجا آواری میں مصروف عمل ہیں اور مل جل کر اس موذی وباءسے نبردآزما ہونے میں کامیاب رہیں گے۔