متاثرین کو سیاسی وابستگی سے بالاترہوکرامداددی جارہی ہے،شاہ محمودقریشی

ملتان:وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہاکہ متاثرین کو تمام ترسیاسی وابستگی سے بالاترہوکرصاف شفاف طریقے سے امداددی جارہی ہے ۔وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے ڈپٹی کمشنر ملتان کے ہمراہ منظورآباداورقاسم پورکالونی میں قائم احساس کفالت سنٹرزکے علاوہ دیگرعلاقوں کادورہ کرتے ہوئے مزیدکہاکہ لاک ڈائون کے متاثرین کے لئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام پاکستان کی تاریخ کاسب سے بڑا امدادی پیکج ہے جس کے تحت ایک کروڑ 25لاکھ خاندانوں میں ایک سو44ارب روپے تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کیش کائونٹرزسے امدادی رقوم کی ترسیل ،طریقہ کارکوچیک اورمتاثرین سے گفتگوکرتے ہوئے مزیدکہاکہ ڈیجیٹل سسٹم کے تحت اس امدادی پیکج کو ہرممکن طریقے سے شفاف بنادیاگیاہے اورضلع ملتان کے متاثرین میں اب تک ایک ارب36کروڑروپے تقسیم کئے جاچکے ہیں ۔اس حوالے سے ملتان رقم کی تقسیم کے حوالے سے پورے پنجاب میں سرفہرست ہے جس کے لئے ملتان کی انتظامیہ ،ڈپٹی کمشنر نے بہت انتھک کام کیاہے ۔اس پرمیں انتظامیہ کو ویلڈن کہتاہوں ۔انہوں نے کہاکہ ملتان میں قائم قرنطینہ بھی پاکستان کاسب سے بڑاقرنطینہ مرکزہے ۔قرنطینہ مرکز میں پاکستان کے چاروں صوبوں کے افرادکی بہت ہی اعلیٰ معیار پرمیزبانی کی گئی ہے ۔