کورونا کے خلاف جنگ میں علماء کرام کا کردار نہایت اہم ہے، فردوس عاشق اعوان

سیالکوٹ: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کورونا اور معاشی مشکلات سے بیک وقت نبرد آزما ہیں۔ وزیراعظم سمجھتے ہیں کہ اگر معیشیت کا پہیہ چلے گا تو مزدور کا چولہا جلے گا۔انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان سے پہلے چھوٹے دکانداروں کے لیے حکومت پیکج کا اعلان کرے گی۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال سے ناجائز مالی فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملکی ضروریات اور عالمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وافر مقدار میں گندم خریدیں گے، حکومت نے گندم خریداری کیلئے 280 ارب روپے کی رقم مختص کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹور پر 19 اشیاء پر سبسڈی دی گئی ہے۔وزیراعظم پاکستان نے یوٹیلیٹی سٹور کے لیے دس ارب روپے کا پیکیج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہات میں یوٹیلیٹی سٹور نہ ہونے کی وجہ سے وزیراعظم نے دیہات میں ضروری اشیا پہنچانے کے لئے موبائل یوٹیلٹی سٹور کے اجراء کا حکم جاری کیا ہے تاکہ لوگوں تک ضروری اشیاء مناسب داموں پر پہنچ سکیں۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا مزید کہنا تھا کہ صدر مملکت کی علماء کرام سے مشاورت خوش آئندہے کورونا کے خلاف جنگ میں علماء کرام کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا مذہبی فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ علمائے کرام کو رونا سے متعلق شعور اور آگاہی فراہم کریں۔انہوں نے کہاکانفرنس کا اعلامیہ پوری قوم کی آواز ہے۔ انہوں نے تو قع ظاہر کی کہ اعلامیہ کی شرائط پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اورکہا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہاکہ اعتکاف گھروں میں کیا جائے گا اور سحری اور افطاری کی تقریبات بھی مساجد میں نہیں ہوں گی۔ لاک ڈائون کے ساتھ ساتھ لوگوں کی معاشی مشکلات کا بھی ازالہ کرنا ہے۔مختصر وقت میں کورونا کی تشخیصی صلاحیت میں اضافہ کیاگیا ہے۔ اس وقت روزانہ چھ ہزار افراد کی تشخیص ممکن ہے ہمارا ہدف بہت جلد 20 ہزار افراد کی تشخیصی صلاحیت ہے۔ کرونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹروں پیرامیڈیکل اسٹاف نرسز اور طبی عملے کی حفاظت ہماری پہلی اولین ترجیح ہے۔ اس جنگ میں چھپے ہوئے دشمن سے مقابلہ ہے ۔انہوں نے ڈاکٹروں پیرامیڈیکل سٹاف نرسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔پہلے مرحلے میں پیرا میڈیکل اسٹاف کے بعد دوسرے مرحلے میں صحافیوں کو حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا اس جنگ میں میڈیا کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔