کورونا وائرس کی وبا نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری

کوئٹہ : ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی کوشش ہے کہ لوگوں کو بے روزگار ہونے سے بچایا جائے۔ اس لئے مرحلہ وار مختلف شعبوں کو کام کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں احساس پروگرام کے ذریعے غریب اور مستحق افراد میں فی کس 12ہزار روپے تقسیم کئے جارہے ہیں ۔این ڈی ایم اے کی جانب سے سی۔130جہاز کئی مرتبہ سامان لیکر کوئٹہ آیا ہے جو پی ڈی ایم اے کے حوالے کیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں میں راشن اورامدادی رقوم کے چیک تقسیم کرنے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پرکوئٹہ پریس کلب کے صدر رضا الرحمن بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کیلئے آج مشکل وقت ہے کورونا وائرس کی وبا نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے جس سے ہزاروں افراد جاں بحق اورلاکھوں کی تعداد میں متاثر ہیں۔وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاک ڈاون کیا ۔شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیارکریں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان میں لوکل سطح پر کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں لاک ڈاون کے باعث غریب ، دیہاڑی دار اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد بری طرح متاثر ہوئے ہیں حکومت نے ان کی مالی مدد کیلئے احساس پروگرام کے تحت غریب اور مستحق افراد میں 12ہزار رپے تقسیم کرنے کا عمل شروع کیا ہے جس سے اب تک لاکھوں افراد مستفید ہوچکے ہیں۔قاسم سوری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مرحلہ وار لاک ڈاون میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے تعمیراتی شعبے کو ٹیکس میں چھوٹ دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اوروفاقی حکومت کی کوشش ہے کہ لوگوں کو بے روزگار ہونے سے بچا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کی وجہ سے صحافی برادری بھی متاثر ہوئی ہے ہم صحافیوں کی بھرپور امداد کریں گی۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے مستحق صحافیوں میں راشن اور امدادی رقوم کے چیک بھی تقسیم کئے۔