پاکستان اور کینیڈاکے درمیان میڈیا،فلم اور ’کوپروڈکشن‘ اشد ضروری ہے،فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد:وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کینیڈا کی ہائی کمشنر مس وینڈی گلمور سے ایک ملاقات کے دوران کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، فلم اور ’کوپروڈکشن‘ اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ اس کی فلمیں کینیڈا کی سکرینوں کی زینت بنیں کیونکہ وہاں پر اردو اور پنجابی ناظرین کی ایک بڑی تعداد مقیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی اقدار اور ثقافت کو متعارف کرانے میں فلم اہم ترین تخلیقی میڈیا ہے۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اہم شعبوں میں اصلاحات لانے کیلئے کوشاں ہیں جس کے باعث ایک نیا پاکستان وجود میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان غیرملکی سیاحوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہے۔ حکومت نے مذہی سیاحت سمیت ہر قسم کی سیاحت کیلئے انفراسٹرکچر کی تعمیر اور سہولیات کی فراہمی کیلئے بھرپور کوششیں کی ہیں۔کرتارپور راہداری اس طرف ایک اہم قدم ہے۔ ہم کرتار پور کیلئے کینیڈا سے آنے والی سکھ برادری کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اس موقع مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کینیڈا سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں جموں و کشمیر کے مسئلے کے پائیدار حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ہائی کمشنر مس وینڈی گلمور نے کہا کہ دنیا میں جہاں کہیں انسانی حقوق کے مسائل ہوں گے کینیڈا اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے کوششوں اور ایف اے ٹی ایف سے متعلق اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔معزز ہائی کمشنر نے کینیڈا کی پرائیویٹ پروڈکشن کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ کام کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا اور کہا کہ کینیڈا کی وہ کمپنیاں جو کام کرنے میں دلچسپی کا اظہار کریں گی وہ اس سلسلے میں مکمل تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا کی حکومت نے دوسرے ممالک کے طالب علموں کو ویزے دینے کیلئے فاسٹ ٹریک سسٹم متعارف کرایا ہے جس کے باعث ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ پاکستانی طالب علم بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ انہوں نے کینیڈا میں پاکستانی طالبعلموں کی تعریف کی۔ کینیڈا کی ہائی کمشنر نے وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو بتایا کہ پنجابی کینیڈا میں بولی جانے والی چوتھی سب سے بڑی زبان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کینیڈا میں بہت سے پنجابی ریڈیو چینلز اور اخبارات موجود ہیں۔