گوگل کا ڈوڈل ملکہ غزل اقبال بانو کے نام

اسلام آباد:ملکہ غزل اقبال بانو کے مداح آج ان کی 81ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور اس موقع پر گوگل نے اُنہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنا نیا ڈوڈل اقبال بانو کے نام کردیا ہے۔بھارت کے شہر نئی دلی میں سن1935 میں پیدا ہونے والی اقبال بانو کو بچپن سے ہی موسیقی سے لگاؤتھا جسے پروان چڑھانے میں ان کے والد نے اہم کردارادا کیا۔انہوں نے موسیقی کی تربیت استاد چاند خان سے حاصل کی اور1950 میں اپنی فنی زندگی کا آغاز آل انڈیا ریڈیو سے کیا۔ 1952 میں شادی کے بعد اپنے شوہر کے ہمراہ پاکستان آگئیں اورملتان میں رہائش پذیر ہوئیں تاہم شوہر کی وفات کے بعد ملتان سے لاہور منتقل ہوگئیں۔
اقبال بانو کو 1990 میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ اقبال بانو 21اپریل 2009 کو 74 برس کی عمر میں مختصر علالت کے بعد جہان فانی سے کوچ کرگئی تھیں۔