ہالی ووڈ کے مشہوراداکار جان کیوسیک جامعہ ملیہ طلبا کے حق میں بول پڑے

نیو یارک: ہالی ووڈ کے مشہور اداکار جان کیوسیک نئی دہلی میں جامعہ ملیہ کے طلبا و طالبات پر بہیمانہ تشدد کے خلاف بول پڑے۔جان کیوسیک نے نئی دہلی میں جامعہ ملیہ کے طلبا و طالبات پر بہیمانہ تشدد پر طالب علموں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرانہوں نے پہلے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں جامعہ ملیہ کے طلبا کو نہایت زخمی حالت میں جامعہ کے غسل خانے میں دیکھا جاسکتا ہے۔ اس پر جان کیوسیک نے پہلے پوچھا کہ یہ ویڈیو انہیں کسی نے نئی دہلی سے بھیجی ہے جس پر انہوں نے لوگوں سے ویڈیو کا پس منظر معلوم کیا ہے۔سوال پر انہیں ارون دھتی رائے کا ٹویٹ کیا گیا اور کچھ لوگوں نے بتایا کہ نئی دہلی کی جامعہ ملیہ کے طلبہ و طالبات پر پولیس نے بہیمانہ تشدد کیا ہے۔ اس کے جواب میں جان نے دوبارہ ٹویٹ کرکے اس میں اپنی حمایت و یکجہتی (سولیڈیرٹی) کے لفظ کا اضافہ کیا۔ دوسری جانب مشہور اداکار نے ایک اور ٹویٹ بھی آگے بڑھائی ہے جس میں بھارتی شہریت کے متنازع بل پر سینٹا کلارا، کیلی فورنیا میں سینکڑوں مظاہرین شریک ہیں۔ان مظاہرین میں مسلمان، کشمیری، عیسائی اور سکھ اس بل کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔