بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ 4 کروڑ خاندانوں کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی جاری

اسلام آباد:وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکج2024 کے تحت یکم رمضان سےملک میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ 4 کروڑ خاندانوں کو 1200 موبائل سٹورز اور 300 سیلزپوائنٹس کے ذریعے اشیائے ضروریہ کی فراہمی جاری ہے۔ جمعرات کو یوٹیلیٹی سٹورز کے ترجمان کے مطابق پور ے ملک میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ 4 کروڑ خاندانوں کو سبسڈائزڈ نرخوں پر اشیائے ضروریہ فراہم کی جارہی ہیں، ملک بھر کے 1200 موبائل سٹورز اور 300 سیلزپوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تما م یوٹیلیٹی سٹورز پر وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکج کامیابی سے جاری ہے۔ اس پیکج کیلئے وزیر اعظم نے یوٹیلیٹی سٹورز کی تاریخ کی سب سے بڑی سبسڈی دی ہے جس کے تحت انیس بنیادی اشیا بشمول آٹا، چینی، گھی، کوکنگ آئل، بیسن، کھجور، سفید چنا، دالیں، چاول، چائے، دودھ، مشروبات اور مصالحہ جات پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں پی ٹی ایم۔ 60یا اس سے کم کے رجسٹرڈ خاندانوں کو خصوصی رعایت دی جا رہی ہیں جو بلا شبہ غریب اور متوسط خاندانوں کیلئے زبردست ریلیف کا باعث ہیں۔اس کے علاوہ عام صارفین کیلئے بھی سینکڑوں معیاری اشیا خوردنوش انتہائی با رعایت دستیاب ہیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر دستیاب اشیا کے معیار اور وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے کسی بھی چیز کی کوئی کمی نہیں تمام صارفین بغیرکسی دشواری کے یوٹیلیٹی سٹورز پر تشریف لائیں اور وزیر اعظم ریلیف پیکج سے فائدہ اٹھائیں۔کسی بھی شکایت کی صورت میں صبح 8بجے سے رات 8بجے تک یو ٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ٹول فری نمبر 0800.05590پر کال کریں۔