عالمی بینک کی پاکستان سے معاشی تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد:عالمی بنک نے معاشی تبدیلی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے جس کا مقصد پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔جنوبی ایشیاء کیلئے عالمی بنک کے علاقائی نائب صدر مارٹن ریزر نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کو فروغ دینا چاہتے ہیں انہوں نے اسلام آباد میں ایک وفد کے ہمراہ وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی ، انہوں نے وفد کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے حوالے سے بریفنگ دی جن میں ٹیکس کے پورے نظام کو ڈیجیٹائزکرنا، بجلی کے شعبے میں اصلاحات، زرعی شعبے میں فی ایکٹر پیداوار بڑھانا اور بچوں میں جسمانی کمزوری کے مسئلے کو حل کرنا شامل ہے۔فریقین نے ملکی شراکت داری کے نئے تیز تر لائحہ عمل پرکام کرنے پر اتفاق کیا تاکہ اصلاحات اور ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جاسکے ، وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہبازشریف نے پاکستان کی ترقی میں عالمی بنک کے کردار کوسراہا۔فریقین نے طویل المدتی مرکوز شراکت داری کے حوالے سے روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا جس میں پیشرفت کے تعین اور مطلوبہ نتائج کا حصول یقینی بنانے کیلئے سالانہ جائزہ طریقہ کار شامل ہے۔