خیبر پختونخوا حکومت کا بزرگ شہریوں کیلئے بڑا اعلان

پشاور:خیبر پختونخوا میں بزرگ شہریوں کی صحت کی دیکھ بھال کے حوالے سے صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں بزرگ شہریوں کیلئے‘‘ ایگزیکٹیو ہیلتھ چیک اپ’’کے نام سے خصوصی معائنہ سکیم متعارف کرانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ اس بابت وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے یہاں سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صوبے کے معزز بزرگ شہریوں کو بنا قطار اور انتظار کے باعزت طریقے سے اپنا چیک اپ بالکل مفت کرانا ہے۔بزرگ شہریوں کیلئے جاری کردہ خصوصی کارڈ پر پچھلے معائنے اور علاج کا مکمل ریکارڈ دستیاب ہوگا جبکہ چیک اپ کے ساتھ ہر تین ماہ بعد تمام تشخیصی ٹیسٹ مفت کروانے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ان کے مطابق صوبے کے بزرگ شہری ہمارا اثاثہ ہیں جنہوں نے صوبے کی خدمت میں اپنی زندگی کے قیمتی سال گزارے ہیں اس اقدام کا مقصد ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔اس مد میں ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کی جانب سے صوبے کے تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق 65 سال اور زائد عمر کے بزرگ شہریوں کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں ہر تین ماہ بعد مکمل فری سکریننگ کے آغاز کیلئے عملی اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ مراسلے میں 7 دن کے اندر انتظامات مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ مراسلے کے مطابق ان سرکاری ہسپتالوں میں تین ماہ بعد مفت چیک اپ میں جنرل چیک اپ، الٹرا ساونڈ، لیبارٹری ٹسٹس، سی ٹی سکن، ایم آر آئی و دیگر سہولیات مفت میسر ہوں گی۔