حکومت اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تمام ممکنہ وسائل فراہم کرنے کیلئے پرعزم

اسلام آباد:وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تحقیق، تخلیق، جدت اور معیاریت کے فروغ کے لئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے دورہ کے موقع پر کیا ۔اس موقع پر نسٹ اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اعلیٰ حکام کی جانب سے وفاقی وزیر کاپرتپاک استقبال کیا گیا ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے گذشتہ سال قائم کردہ ٹیکنالوجی سنٹرز میں پیش رفت اور اس حوالے سے کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔نیشنل یونیورسٹی اور ہائر ایجوکمیشن کمیشن حکام کی جانب سے قوانٹم، نینو ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی، گروتھ سنٹرز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے سائنس و ٹیکنالوجی، صحت عامہ اور ابلاغیات سے متعلقہ ماہرین نے شرکت کی ۔وفاقی وزیر کو ٹیکنالوجی کے ان مراکز کے ضمن میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا گیا۔وفاقی وزیر کی جانب سے سنٹرز کے جال کے پھیلائو اور جامعات میں اس حوالے سے تحقیقی مراکز کے قیام سے متعلق پیش رفت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔احسن اقبال نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن ان مراکز پر پیش رفت یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اور موثر اقدامات کرے، ٹیکنالوجی کے ان مراکز کو اگست میں جس مقام پر چھوڑا تھا اب تک ان کے حوالے سے کوئی بڑی پیش رفت دیکھنے میں نہیں آسکی، وفاقی حکومت ملک میں ٹیکنالوجی کے فروغ کے ضمن میں ان ٹیکنالوجی مراکز کو نہایت اہم سمجھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے ان مراکز کا قیام ملکی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،ٹیکنالوجی کے یہ مراکز ملکی معیشت، زراعت، صحت عامہ، صنعت، پیداواریت میں جدت و اضافے اور عالمی مقابلہ بازی میں ملکی پیداوار و مصنوعات کو ممتاز مقام دلانے میں اہم کردار ادا کرینگے، احسن اقبال نے کہا کہ حکومت اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تحقیق، تخلیق، جدت اور معیاریت کے فروغ کے لئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے، ہمارے ہاں ذہانت، انسانی وسائل اور صلاحیت کی کمی نہیں ،ہمیں اپنی جامعات میں تحقیق کے جدید اسالیب اختیار کر کے نوجوان نسل کی تخلیقی صلاحیت کو ابھارنا اور مجموعی طور پر انفرادی اور ادارہ جاتی بنیاد پر استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے،محض وسائل کا حصول کافی نہیں، وسائل کا مؤثر استعمال اور مطلوبہ نتائج کا حصول ہمارا مطمح نظر ہے، حکومت تحقیق، جدت، ٹیکنالوجی کے مراکز کو وسائل محض ’’ان پٹ ‘‘ کی بنیاد پر نہیں بلکہ ’’آئوٹ پٹ‘‘ یعنی نتائج کی بنیاد پر فراہم کرے گی، وسائل کے حصول کے لئے پہلے کچھ کر کے دکھانا ہوگا،یہ مت بھولیں کہ ہم ایک مقروض قوم ہیں، ہمیں وسائل کو انتہائی سوچ سمجھ کر خرچ کرنا ہوگا،۔انہوں نے کہا کہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی قومی ٹاسک فورس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے نمائندوں، ماہرین اور بیرون ملک مقیم باصلاحیت اور تجربہ کار افراد کی شمولیت یقینی بنائیں، ملک کی دیگر جامعات میں ان مراکز کے قیام اور ان کی مؤثر کارکرگی پر مبنی ٹھوس کائحہ عمل جلد پیش کیا جائے، احسن اقبال کی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے حکام کو ہدایت کی۔جن جن یونیورسٹیز میں ٹیکنالوجی کے مراکز قائم ہو چکے ہیں ان کی کارکردگی کو مربوط بنانے کے لئے جامع حکمت عملی وضع کی جائے۔