اپنی سرزمین کے دفاع کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں گے

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی و علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا، اپنی سرزمین کے دفاع کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق ایران کے سیستان و بلوچستان صوبے میں پاکستان کی کارروائی پر اپنے بیان میں صدر مملکت نے ایرانی شہریوں کو جانی نقصان سے بچاتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے پر مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف اور کہا کہ دہشت گردی ایک مشترکہ چیلنج ہے ، اس کے خاتمے کیلئے عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرتا ہے اور دیگر ممالک سے بھی یہی توقع رکھتا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر ممالک ہیں ، مسائل کو مذاکرات اور باہمی مشاورت سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔