بلوچستان کی ترقی و خوشحالی اولین ترجیح ہے

کوئٹہ :صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسے خوشحال و ترقی یافتہ صوبہ بنا کر استحکام پاکستان کیلئے موثر کردار ادا کرینگے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے دیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان اپنے معدنی وسائل اور طویل ساحلی پٹی کی بدولت خاص اہمیت کا حامل ہے، اس کی بنجر زمینوں کو موثر حکمت عملی کے ذریعے سیراب کر کے زرعی پیداوار میں اضافے کے قابل بنانے کی کوشش کرینگے۔صدر مملکت نے کہا کہ ملکی ترقی اور صوبوں کو حقوق دینے کیلئے ہمارے دور میں اٹھارویں آئینی ترمیم پاس کی گئی جس سے تمام صوبوں کو فائدہ پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی کیساتھ ترقی کر رہی ہے، بلوچستان کے معدنی وسائل کو جدید طریقے سے نکالنے کی ضرورت ہے، یہاں تیل اور گیس موجود ہیں لیکن ہم نے آج تک اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار نہیں کیا، اب وقت ہے کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل کو نکال کر ملکی معاشی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے کم آمدنی والے و حق دار خاندانوں کو پیکیج دے رہے ہیں جس سے غریب خاندانوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے،کوشش ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرح کے پروگراموں کو مزید وسعت دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ میں پورے ملک خاص کر بلوچستان کی ترقی اور یہاں کے عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ کام کر سکوں، بلوچستان کی صوبائی حکومت کو سپورٹ کرینگے کہ وہ یہاں کے عوام کیلئے ترقی کے مواقع پیدا کر سکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل سیاسی ڈائیلاگ کے ذریعے حل ہونے چاہیں۔