مہنگائی کی شرح مزید بڑھ گئی،21اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد : ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح بڑھ کر44.16 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں ایک اعشاریہ 36 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جس سے ایک ہفتے میں مہنگائی کی مجموعی شرح بڑھ کر 44 اعشاریہ 16 فیصد ہو گئی ہے۔مہنگائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں 21 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ ایک ہفتے میں22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے میں ٹماٹر، چکن، پیاز، انڈے اور دالوں سمیت 21 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ ٹماٹر 19 روپے 44 پیسے، پیاز 17 روپے 29 پیسے، چکن فی کلو قیمت میں 26 روپے 31 پیسے، انڈے فی درجن 17 روپے 22 پیسے اور ایل پی جی کا گھریلو سیلنڈر کی قیمت میں 75 روپے تک اضافہ ہوگیا۔اسی طرح رواں ہفتے میں آلو کی قیمت میں5.92 فیصد، دال مونگ 0.06 فیصد، کوکنگ تیل کی قیمتوں میں 0.17 فیصد، ویجیٹیبل گھی کی قیمتوں میں0.29 فیصد اور چینی کی قیمتوں میں 0.43 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔