عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں گر گئیں

نیویارک: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں گر گئیں، نئے سال کے آغاز پر برطانوی خام تیل اور امریکی خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں نئے سال کے آغاز پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ کچھ سیشنز میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا، تاہم اب امریکی اور برطانوی خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔عالمی مارکیٹ میں دوران ٹریڈنگ برطانوی خام تیل 76 ڈالرز فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل ستر عشاریہ 54 ڈالرز فی بیرل کی سطح پر آ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ کچھ روز سے بحیرہ احمر کی کشیدہ صورتحال کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان تھا جسے اب بریک لگ گئی ہے۔بحیرہ احمر کی کشیدہ صورتحال سے قبل امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ برطانوی خام تیل کی قیمت 70 ڈالرز فی بیرل کی سطح سے نیچے چلی جائے گی۔تاہم بعد ازاں بحیرہ احمر میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل گراوٹ کے رجحان کو تبدیل کر دیا تھا۔ ماہرین کے مطابق آئندہ سال کے دوران عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 80 سے 85 ڈالرز فی بیرل کی سطح پر رہنے کا امکان ہے۔ اوپیک تنظیم کے فیصلے 2024 میں بھی تیل کی قیمتوں پر اثر انداز ہوتے رہیں گے۔ تیل پیدا کرنے والے ممالک خاص کر سعودی عرب کی جانب سے تیل کی پیداوار میں اضافہ نہ کیے جانے کے باعث تیل کی قیمتوں میں رواں سال کچھ زیادہ کمی کے امکانات نہیں ہیں۔