امام کعبہ کا دورہ پاکستان عوام کیلئے اعزاز کی بات ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے امام کعبہ کے دورہ پاکستان کو پاکستانیوں کیلئے اعزاز کی بات قراردیا اور ان کا خیرمقدم کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن محمد حمید نے ملاقات کی،جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے امام کعبہ کا خیرمقدم کیا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ امام کعبہ کا دورہ پاکستان عوام کیلئے اعزاز کی بات ہے، دنیا بھر کے مسلمان خادم حرمین شریفین کیلئے بے پناہ احترام رکھتے ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اتحاد پر مبنی اسٹریٹجک تعلقات ہیں، پاکستانیوں کے دلوں میں سعودی عرب کیلئے منفرد احترام ہے،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مثالی تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن محمد حمیدنے کہا کہ اسلام امن اور بھائی چارے کا مذہب ہے، امام کعبہ نے فلسطین اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا، امام کعبہ نے غزہ تنازع میں جاری ظلم کی مذمت کی،امام کعبہ نے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے خلاف مظالم کی مذمت کی۔امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن محمد حمیدنے امت مسلمہ کے امن واستحکام اور اتحاد کیلئے دعا کی۔