اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینی بچوں کا قتل عام دنیا بھر کیلئے لمحہ فکریہ ہے

اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں جسے سنوارنے کیلئے بہتر تعلیم و تربیت ضروری ہے ،اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینی بچوں کا قتل عام دنیا بھر کیلئے لمحہ فکریہ ہے، اقوام عالم فلسطینی بچوں پر اسرائیلی مظالم کو روکنے کیلئے کردار ادا کرے ،بچوں کو جبری مشقت اور ذہنی و جسمانی استحصال سے بچانے کیلئے مزید موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت اور انہیں فیصلہ سازی میں شامل کرنا ضروری ہے ۔ بچوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے پہلی بار پارلیمانی کاکس برائے چائلڈ رائٹس کا قیام عمل میں لیا گیا۔کسی بھی ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی اور اس کے بچوں کی فلاح و بہبود کے مابین گہرا تعلق ہے۔پاکستان کی 15ویں قومی اسمبلی نے بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستانی پارلیمان نے پہلی بار 18 سال سے کم عمر بچوں کیلئے انٹرن شپ پروگرام شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی فلسطینی اور کشمیری بچوں کے خلاف جنگی جرائم پر خاموشی تشویش ناک ہے ۔