سکھ برادری کی پاکستان کے ساتھ محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں

پشاور: گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ سکھ برادری کی پاکستان کے ساتھ محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیںہے اِن کومکمل تحفظ کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔ حالیہ ٹارگٹ کلنگ واقعات پر دلی دکھ اورافسوس ہوا ہے ان واقعات میں ملوث افراد کو منطقی انجام تک پہنچایاجائیگا۔ ان خیالات کااظہارانہوں نےگورنرہاؤس پشاور میں متحدہ امن کمیٹی کے سربراہ مولاناحسین مدنی، حاجی فرہاد احمدصراف اور نائب صدر گورپال سنگھ کی قیادت میں سکھ برادری کے 37 رکنی نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر نگران صوبائی وزیراطلاعات بیرسٹرفیروزجمال شاہ کاکاخیل بھی موجود تھے۔ وفد میں وزیرسنگھ ،بابامکھن سنگھ، مہندرسنگھ، گورمیت سنگھ، سنتوک سنگھ، میئرسنگھ، جسونت سنگھ، گلاب سنگھ، پریتم سنگھ، مینارسنگھ ، منجیت سنگھ اور دیگر شامل تھے۔ملاقات میں سکھ برادری کی جانب سے سکھ کمیونٹی پرحالیہ دنوں میں پے درپے قاتلانہ حملوں میں ملوث افراد کو جلدازجلد گرفتار کرنے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دینے کامطالبہ کیاگیا۔وفد میں شامل سکھ برادری نے گورنرسے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی اور کہاکہ 2008ء سے ٹارگٹ کلنگ سے سکھ برادری کی 35 جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ دو روز قبل ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ سے پوری سکھ برادری سوگوارہے اور پشاور کے تمام بازاروں میںسکھ تاجر برادری کی دکانیں بند ہیں۔ وفد نے اس موقع پر نگران صوبائی حکومت سے پشاور سیف سٹی منصوبہ کو بحال کرنے کامطالبہ کیا اور کہاکہ سکھ برادری کے تاجروں، دکانداروں کو پولیس سیکیورٹی فراہم کی جائے۔جس پر نگران صوبائی وزیراطلاعات نے صوبائی حکومت کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ وفد سے گفتگوکرتے ہوئے گورنر حاجی غلام علی نے کہاکہ سکھ برادری ایک پرامن قوم ہے اور ہمیشہ ملک وقوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کیاہے ۔ آپ کے غم میں برابرکا شریک ہوں۔سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کیساتھ ہوں۔انہوں نے کہاکہ سیف سٹی پراجیکٹ پر کام شروع کیاجائیگا جس سے 90 فیصد جرائم کاخاتمہ بھی ممکن ہوسکے گا۔گورنرنے کہاکہ سازش کے تحت سکھ برادری کوٹارگٹ کیاجارہاہے جن کامقصد خوف وہراس پیدا کرناہے ۔9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کیطرح ان شرپسند عناصرکو بھی بہت جلد گرفتارکرلیاجائیگا۔ یہ ملک ہم سب کا ہے اور ہمیں نفرتوں کی جگہ محبت، بھائی چارے اور امن کی فضاء کو بحال کرناہے۔ گورنرنے کہاکہ بین الاقوامی سازشوں کی وجہ سے ملک اورصوبے میں ایسے واقعات رونماہورہے ہیں ۔ہمارے سیکورٹی فورسز، پولیس اورعوام بھی سینکڑوں کی تعدادمیں شہیدہوئے۔ یہ کسی کمیونٹی کے خلاف سازش نہیں بلکہ پاکستان کے خلاف سازش ہے اوراس سازش کو ہم سب ملکر ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ملکوں پر ایسا وقت آتاہے اوران مشکل حالات کا ڈٹ کرمقابلہ کیاجائیگا۔وہ وقت دور نہیں کہ دہشت گردی کامکمل خاتمہ ہوگا اور ایک بار پھر ہماراملک، صوبہ اوریہ پھولوں کا شہر پشاور امن کا گہوارہ ہوگا۔وفدمیں شامل سکھ برادری نے گورنرکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ جس تحمل وبردباری سے آپ نے ہمارے کمیونٹی کے ایک ایک فرد کی بات سنی ہم اس پرآپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ اس سے نہ صرف ہمارے دکھوں کامداوا ہوا بلکہ ہمیں یہ یقین بھی ہوگیاکہ انشاء اللہ گورنراورصوبا ئی حکومت نہ صرف ہمارے ساتھ ہونے والے ظلم اورزیادتی کرنے والوں کومنطقی انجام تک پہنچائیں گے بلکہ سکھ کمیونٹی کو تحفظ اورسیکورٹی بھی فراہم کریں گی