ڈی آئی خان: ڈیرہ ژوب روڈ پر نئی تعمیر شدہ درابن پولیس چیک پوسٹ کا افتتاح

ڈی آئی خان: ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ عبدالغفور آفریدی نے درابن کی حدود میں بین الصوبائی شاہراہ ڈیرہ ژوب روڈ پر نئے تعمیر شدہ ’درابن پولیس چیک پوسٹ‘کا افتتاح کردیا۔تفصیلات کے مطابق آر پی او خان عبدالغفور آفریدی نے درابن کی حدود میں شاہراہ ڈیرہ ژوب روڈ پر نئی تعمیر شدہ” درابن پولیس چیک پوسٹ ”کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ضلعی پولیس آفیسر ڈیرہ عبدالرف بابر قیصرانی،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرسید صغیر گیلانی ، ڈی ایس پی درازندہ انعا م اللہ گنڈ ہ پور سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ ضلعی پولیس سربراہ ڈیرہ نے آر پی او ڈیرہ کو چیک پوسٹ پر معمور پولیس نفری، سیکیورٹی، بلڈنگ اور سیکیورٹی کیمروں کے بارے بریفنگ دی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر پی ڈیرہ عبدالغفور آفریدی نے کہا کہ انشا اللہ یہ پولیس چیک پوسٹ علاقے میں امن و امان کے قیام اور مقامی لوگوں کو سہولت پہنچانے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔انہوں نے دہشتگردی کے خاتمے کے خلاف ڈیرہ پولیس کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ڈیرہ پولیس ملک و قوم کے دفاع کے لئے اپنے خون کے آخری قطرے تک لڑے گی۔اس موقع پر انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جرائم کی نشاندہی میں پولیس سے تعاون کرکے جرائم کے خاتمے تک مدد کریں۔ انہوں نے نئی چوکی کو عوام کے لئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف پولیس کو علاقہ پر کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی بلکہ امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی اور جرائم کی موثر روک تھام ہوسکے گی۔