خیبر پختونخوا پولیس کی تاریخ شہیدوں اور غازیوں کی لازوال داستانوں سے بھری پڑی ہے ،آئی جی پی معظم جاہ انصاری

نوشہرہ : انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ ایلیٹ فورس خیبر پختونخوا کا ہراول دستہ ہے جس کے جانبازوں نے ملک کے اندرونی دفاع کے لیے قربانی، جانثاری اور فرض شناسی کی اعلیٰ روایات قائم کی ہیں، خیبر پختونخوا پولیس کی تاریخ شہیدوں اور غازیوں کی لازوال داستانوں سے بھری پڑی ہے جنہوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھی پولیس نے پاک فوج کے ہمراہ ہر اول دستے کا کردار اد ا کیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر نوشہرہ میں ضم شدہ اضلاع کے جوانوں کے بیسک ایلیٹ کورس نمبر 1 کے شرکاء کے پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔کمانڈنٹ ایلیٹ فورس، ڈپٹی کمانڈنٹ ایلیٹ فورس، پرنسپل ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر، عمائدین علاقہ اور سول و پولیس افسروں نے کثیر تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔پولیس سربراہ نے کہا کہ دلیری، جرات و بہادری خیبر پختونخوا پولیس کے جوانوں کے خون میں شامل ہیں اور بالخصوص ایلیٹ فورس کے جوانوں نے دہشت گردی کی روک تھام اور شرپسندوں کی سرکوبی کے لیے جانثاری اور جذبہ قربانی کی اعلیٰ ترین مثالیں قائم کی ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی تاریخ شہیدوں اور غازیوں کی لازوال داستانوں سے بھری پڑی ہے اور جس کے سربکف جانبازوں نے عوام کی نیند اور سکون غارت کرنے والوں کے خلاف کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے ہیں۔ آئی جی پی نے پریڈ کے شرکاء سے کہا کہ یہاں پر حاصل کردہ اعلیٰ تربیت سے آپ اپنے اپنے اضلاع میں دہشت گردوں، سماج دشمن عناصر اور جرائم پیشہ افراد پر زمین تنگ کردیں۔