عمران خان جتنے مرضی جلسے جلوس کرلیں سزا سے نہیں بچ سکتے، طلال چوہدری

فیصل آباد:مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان جتنے مرضی جلسے جلوس کرلیں دھرنے و دھمکیاں دیں یا ملک کو عدم استحکام کا شکار بنائیں وہ سزا سے نہیں بچ سکتے کیونکہ ان کے خلاف62 اور63 کا اوپن اینڈ شٹ کیس ہے لیکن اگر انہیں سزا نہ ہوئی تو نظام انصاف پر سوال اٹھیں گے کیونکہ اب یہ نہیں ہوسکتا کہ کسی ایک کو معمولی کوتاہی پر سزا سنادی جائے اور دوسرے کو آنکھ کا تارا بنایا جا ئے مگرفواد چوہدری کی باتوں سے ایسا لگتا ہے کہ عمران خان قانون سے بالا تر ہے حالانکہ عمران خان چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے اوراس کا جرم بھی ثابت ہوچکا ہے اسلئے اب صرف سزا کا تعین ہونا باقی ہے لہٰذااگرخدانخواستہ بھارت،اسرائیل اور امریکہ سے پیسے لینے والے کو سزا نہ ملی تو پھر سوال تو اٹھیں گے تاہم اب جو مرضی ہوجائے عمران خان کو حساب دینا اور جیل بھی جانا ہوگا۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات ونشریات چوہدری شہبازبابرایم این اے کے ہمراہ کرمانوالی حویلی سمندری ضلع فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کبھی ایکس کبھی وائی کبھی نیوٹرل کا ذکر کرتا ہے لیکن اس میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ کسی کا نام لے سکے لہٰذاجو بندہ ڈر اور خوف سے کسی کا نام نہ لے سکے وہ کیا انقلاب لائے گا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے عمران خان بڑھکیں مارتا تھا کہ میں کسی سے ڈکٹیشن نہیں لوں گا لیکن اب وہ کہتا ہے کہ میں نے کسی کے کہنے پر چیف الیکشن کمشنر لگاکر غلطی کی تو اب عمران کو چاہیے کہ وہ اس کا نام لے جس کی ڈکٹیشن پر اس نے چیف الیکشن کمشنر کو لگایا۔انہوں نے کہا کہ دوسروں کوآزادی کا درس دینے والا خود غلام ہے جو دوسروں کو کہتا ہے کہ خوف کا بت توڑدو مگر خود سب سے بڑا ڈرپوک ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وطیرہ ہے کہ وہ پہلے بڑھکیں مارتا ہے پھر معافیاں مانگتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف عمران خان امریکہ کے خلاف سازش کے پراپیگنڈے میں مصروف ہے اور دوسری طرف اس کی خیبر پختونخواہ میں پی ٹی آئی کی حکومت یو ایس ایڈ سے ایمبولینسیں لے رہی ہے اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت پنجاب حکومتوں کو بھی کہا جارہا ہے کہ میں نے جذباتی ہوکر امریکہ کے خلاف بڑھکیں ماردی ہیں اسلئے اب اسے بچایا جا ئے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پنجاب میں ڈاکوئے اعلیٰ کو وزیراعلیٰ بنایا ہے جو کہتا تھا کہ میں پرویز مشرف کو دس بار وردی میں پاکستان کا صدر بنواؤں گا لیکن آج وہ پرویز مشرف دوبئی میں انتہائی کسمپرسی کی حالت میں ہے اور یہ پرویز الٰہی اسے پوچھنے تک نہیں گیا اور اس سے بھی بڑھ کر جو شخص چوہدری شجاعت حسین اور اپنے گھر کا نہیں ہوسکا وہ عمران خان کا بھی نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جسے ڈاکوئے اعلیٰ لگایا گیا ہے وہ ہمیں منظور نہیں لہٰذا ہم آئینی و سیاسی طور پر اسے نہیں چلنے دیں گے بلکہ پنجاب کے لوگوں کو بھی اس ڈاکوئے اعلیٰ کی غلامی قبول نہیں۔طلال چوہدری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر شہید فوجی افسران کے خلاف مذموم مہم چلائی گئی جس پر ہر محب وطن پاکستانی نے شدید غم و غصہ کا اظہار اور اسے شہدا کی فیملیز کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سن لے ہم اس کو ایسٹ انڈیا کمپنی کی تاریخ نہیں دہرانے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست منافقت سے عبارت ہے اسلئے وہ جتنے مرضی جلسے کرلے سزا سے نہیں بچ سکتا۔انہوں نے کہا کہ اب عمران خان الیکشن الیکشن کا راگ الاپ رہا ہے لیکن انتخابات کب ہوں گے یہ پی ڈی ایم کی قیادت ہی طے کرے گی۔طلال چوہدری نے کہا کہ کیا پاکستان میں عمران خان سب سے بڑا اور قانون سب سے چھوٹا ہے جو وہ کہہ رہا ہے کہ کسی کی کیا مجال ہے جو عمران خان کو نااہل کرسکے اس سے ایسے لگتا ہے کہ عمران خان نہ ہوا فرعون ہوگیالیکن اب یہ بڑھکیں نہیں چلیں گی کیونکہ یہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں اسلئے اسے سزا نہ دینے والے بھی مجرم ٹھہریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اور بھارتی پیسے کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کیاگیااور یہ جرم ثابت ہو چکا ہے بس صرف سزا کا تعین باقی ہے۔