الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئے حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع کر دی

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے لئے قومی اسمبلی کے 266 اور صوبائی اسمبلیوں کے 593 حلقوں کے لئے حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع کر دی ہے ۔کسی انتخابی حلقہ /ضلع کی حتمی حلقہ بندی کی کاپی حسب ضابطہ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد سے لی جا سکتی ہے۔الیکشن کمیشن میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان 11اپریل 2022 کو کیا گیا تھا جس کے تحت تمام چیف سیکرٹریز اور صوبائی الیکشن کمشنر ز کو حلقہ بندی کے کام کے لئے مطلوبہ نقشہ جات ودیگر دستاویزات کی فراہمی کی ہدایات دی گئی تھیں ۔الیکشن کمیشن کو 11اپریل 2022سے 26اپریل 2022 کے دوران تمام مطلوبہ نقشہ جات و دیگر دستاویزات فراہم کئے گئے ۔20اپریل 2022سے 24اپریل 2022تک حلقہ بندی کمیٹیوں کی ٹریننگ کروائی گئی ۔ حلقہ بندی کمیٹیوں نے ڈرافٹ حلقہ بندی25اپریل 2022 سے 30مئی 2022کے عرصہ میں مکمل کی ۔جبکہ ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت 31مئی 2022کو کر دی گئی تاکہ اس پر اعتراضات و تجاویز وصول کی جائیں ۔ یکم جون 2022 سے 30جون 2022 تک الیکشن کمیشن نے ابتدائی حلقہ بندیوں پر عوام کے اعتراضات اور تجاویز وصول کیں۔ الیکشن کمیشن کو 910اعتراضات موصول ہوئے جن کو باقاعدہ الیکشن کمیشن میں یکم جولائی 2022 سے 30 جولائی 2022 تک سماعت کے بعد نمٹایا گیا اور حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع کر دی گئی۔