پی ٹی آئی کے سربراہ نے خیرات کے نام پر فنڈز کو سیاست میں استعمال کیا، مصدق ملک

اسلام آباد:وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں کالے دھن کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے مختلف سکیمیں متعارف کرائیں، عمران خان نے غیر ملکی افراد اور کمپنیوں سے فنڈز وصول کر کے قانون کی خلاف ورزی کی ہے، قانون کے مطابق چلیں گے اور کسی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہو گی، عمران خان کے ارد گرد ہر شخص مشکوک ہے، فارن فنڈنگ کی ساری تحقیقات پی ٹی آئی دور حکومت میں ہوئیں، پی ٹی آئی کے سربراہ نے ہسپتال اور خیرات کے نام پر دیا گیا پیسہ سیاست کے لئے استعمال کیا۔جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے 350 سے زائد کمپنیوں سے ممنوعہ فنڈ وصول کیا ۔ انہوں نے اسرائیل ، بھارت اور دیگر ممالک سے ممنوعہ فنڈنگ لے کر اسے سیاست کے لئے استعمال کیا ، باہر کے لوگوں سے پیسہ لے کر کیا عمران خان صادق اور امین رہ سکتے ہیں ؟۔ عمران خان نے غیر ملکیوں سے فنڈ اکٹھا کر کے غیر قانونی کام کیا ہے جو کہ پاکستان کے آئین کے خلاف ہے ۔پی ٹی آئی کی پارٹی کالے دھن سے چلی ، کبھی وہ شوکت خانم کے نام پر خیرات لیکر سیاست کے لئے استعمال کیا ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ہسپتال کے لئے لیا گیا چندا بھی سیاست کے لئے استعمال کیا ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کالا دھن سفید اور عام آدمی کا سفید دھن بھی کالا دھن ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے نقطہ نظر کے مطابق سٹیٹ بینک کی غلط رپورٹ پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ دیا ہے ان کے نزدیک ہر ادارہ اور سیاستدان جھوٹا ہے صرف یہ سچے ہیں ۔ مصدق ملک نے کہا ہے کہ برطانوی صحافی نے عمران خان کی ممنوعہ فنڈنگ اور ان کے دست راست عارف نقوی کے حوالے سے ایک کتاب ”دی کی مین ”تحریر کی ہے جس میں اس حوالے سے جامع تفصیلات فراہم کی گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قانون کے مطابق کوئی سیاسی جماعت کسی غیر ملکی شہری اور نہ ہی غیر ملکی کمپنی سے فنڈ وصول کر سکتی ہے ۔پی ٹی آئی کی ممنوعہ فنڈنگ میں غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی رقوم کی تفصیلات کو بے نقاب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت میں بحریہ ٹائون سے حاصل کی گئی 450کنال اراضی کو کابینہ کے سہارے پر ریگولرائز کرایا گیا کیا یہ کالا دھن نہیں ؟۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو عمران خان نے لگایا ، کیا وہ جھوٹ بول رہے ہیں ،؟عمران خان نے جنہیں گورنر سٹیٹ بینک لگایا انہوں نے ہی ان کا ریکارڈ الیکشن کمیشن کو دیا ، فارن فنڈنگ کی ساری تحقیقات پی ٹی آئی دور حکومت میں ہوئیں ۔ایک سوال کے جواب میں مصدق ملک نے کہا کہ شہزاد اکبر لندن گئے اور انہوں نے خفیہ معاہدہ کیا ، اربوں روپے حکومت پاکستان کو ملنا تھے وہ خفیہ معاہدے کے تحت ملک ریاض کو ملے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حکومت قانون کو فالو کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ، قانون کے مطابق فیصلے کریں گے اور کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی ۔