بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری

اسلام آباد:پاک فضائیہ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے، آپریشنز کے دوران پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹرز نے 16,995 پاؤنڈز سے زائد امدادی سامان سیلاب سے متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جن کا زمینی رابطہ شدید بارشوں اور حالیہ سیلاب کے باعث منقطع ہو گیا تھا۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ہیلی کاپٹرز کے ذریعے لے جانے والے امدادی سامان میں آٹا، گھی، چینی، دالیں، چائے اور جان بچانے والی ادویات شامل ہیں۔ ملک بھرمیں نامساعد موسمی حالات کے باوجود سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فضائیہ کے اہلکار متاثرہ افراد کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے کے لیے انتھک جدوجہد کر رہے ہیں۔سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے متعلقہ شعبوں کو بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔